کورونا وائرس کے باعث پی ایچ ایف بھی مشکلات کا شکار، جونیئر ایشیاءکپ کی تیاری کیلئے اب کیا منصوبہ بنایا جا رہا ہے؟ سیکرٹری آصف باجوہ نے بتا دیا

کورونا وائرس کے باعث پی ایچ ایف بھی مشکلات کا شکار، جونیئر ایشیاءکپ کی تیاری ...
کورونا وائرس کے باعث پی ایچ ایف بھی مشکلات کا شکار، جونیئر ایشیاءکپ کی تیاری کیلئے اب کیا منصوبہ بنایا جا رہا ہے؟ سیکرٹری آصف باجوہ نے بتا دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے جونیئر ایشیا کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں یورپی ممالک کے دورے کا پروگرام بنایا تھا لیکن کووڈ 19 پروٹوکولز نے جونئیر ہاکی ٹیم کے دوروں کو ناممکن بنا دیا ہے اور اب جونیئر ایشیاءکپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے سینئر اور جونیئر کی ٹیمیں آپس میں میچز کھیلیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ نے میڈیا کو بتایا کہ جونیئر ایشیاءکپ کے انعقاد میں چونکہ بہت کم وقت باقی رہ گیا ہے اس لئے یہ منصوبہ بنایا گیا تھا کہ ایبٹ آباد میں فزیکل ٹریننگ 20 ستمبرسے شروع کی جائے اور پھر اس کے بعد یورپی ممالک کے دوروں کا اہتمام کیا جائے تاکہ جونیئر ٹیم بھرپور تیاری اور ایکسپوژر کے ساتھ جنوری میں شیڈول جونیئر ایشیا ءکپ میں حصہ لیں لیکن اب یورپ کے کسی دورے کا امکان نہیں ہے کیونکہ 14 روزہ قرنطینہ اور دیگر پروٹوکولز کی وجہ سے غیر ملکی دورے ممکن نہیں۔

آصف باجوہ نے کہا کہ کئی یورپی ممالک سے بات چیت بھی ہوئی ایک ماہ کا دورہ کسی کیلئے ممکن نہیں کیونکہ 14 روز کے قرنطینہ کے بعد دو ہفتے سیریز کھیلنے کیلئے درکار ہوں گے جبکہ ایک ماہ کے اخراجات برداشت کرنا ممکن نہیں ہو گا، اس لئے اب سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے درمیان سیریز پلان کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جونیئر اور سینئر ٹیموں کے درمیان سیریز پاکستان کے مختلف شہروں میں کھیلی جائے گی اور اس سلسلے میں چیف سلیکٹر، سینئر اور جونیئر ٹیم انتظامیہ ہوم ورک کر رہی ہیں اور جلد ہی باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ 

مزید :

کھیل -