پی ٹی وی اور پی سی بی میں معاہدہ ہو گیا، چاہتا ہوں آئندہ ورلڈکپ میں پاکستان کا بہترین ٹیلنٹ نظر آئے، وزیراعظم کا تقریب سے خطاب 

پی ٹی وی اور پی سی بی میں معاہدہ ہو گیا، چاہتا ہوں آئندہ ورلڈکپ میں پاکستان کا ...
پی ٹی وی اور پی سی بی میں معاہدہ ہو گیا، چاہتا ہوں آئندہ ورلڈکپ میں پاکستان کا بہترین ٹیلنٹ نظر آئے، وزیراعظم کا تقریب سے خطاب 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سپورٹس کے درمیان ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے 3 سالہ معاہدے پر دستخط ہو گئے جس سے پی سی بی کو 200 ملین امریکی ڈالر آمدنی متوقع ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھے سسٹم اور مقابلے کی بہترین فضاءپیدا ہونے سے زبردست ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، آج کا معاہدہ دونوں اداروں کیلئے سودمند ثابت ہو گا۔ 

تفصیلات کے مطابق پی سی بی اور پی ٹی وی کے درمیان ہونے والے اس تین سالہ معاہدے کی پہلی اسائنمنٹ نیشنل ٹی 20 کپ ہو گی اور 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کی پراڈکشن پی سی بی اور براڈکاسٹنگ پی ٹی وی کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی وی اور پی سی بی میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس نئی پیش رفت پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور پی ٹی وی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری خواہش ہے پی ٹی وی سپورٹس کوریج میں قائدانہ کردار ادا کرے، اگر ہم نے کرکٹ سٹرکچر کو ٹھیک کر لیا تو پاکستان دنیا میں ناقابل شکست ہو جائے گا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں کچھ ایسے لوگ بیٹھے ہوئے تھے جو اپنے مفادات کی خاطر نظام کی تبدیلی نہیں چاہتے تھے جبکہ پاکستان کرکٹ کا نظام دنیا بھر سے مختلف تھا۔ دنیا کے مختلف ممالک میں رائج کرکٹ کے نظام میں بہترین مقابلے کی فضاءپیدا کی جاتی ہے جس سے زبردست کھلاڑی نکلتے ہیں، اگر ہم بھی میرٹ اور مقابلے کی فضاءکو بہتر کر دیں تو پاکستان دنیا میں ناقابل شکست ہو جائے گا۔ 

وزیراعظم نے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب تک کی سب سے کامیاب کرکٹ کھیلی اور اس کی وجہ صرف اور صرف ان کا سسٹم ہے جس کے باعث ٹیلنٹ بہترین طریقے سے پالش ہوتا ہے، ہماری کرکٹ کو دیکھنے اور سمجھنے والا ہر شخص یہ جانتا ہے کہ پاکستان کی ٹیم میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن اسے پالش کرنے کیلئے نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ 

میرا خواب ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اگلے ورلڈکپ میں پاکستان کا سب سے بہتر ٹیلنٹ نظر آئے اور پاکستان کی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم بنے، پاکستان میں کرکٹ کا جو ٹیلنٹ دیکھا، دنیا میں کہیں نہیں دیکھا مگر پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹھیک کرنے کیلئے سسٹم ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، آج کے معاہدے سے سپورٹس کا لیول بھی اوپر جائے گا اور پی ٹی وی کو آمدنی بھی ملے گی جس سے پی ٹی وی بھی ترقی کرے گا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ میں نے بڑی مشکلوں سے حفیظ، مصباح اور اظہر کو سمجھایا ہے کہ جب نظام تبدیل ہوتا ہے تو کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن جو سسٹم اب متعارف کرایا گیا ہے اس سے آپ دیکھیں گے کہ پاکستان کرکٹ بہت ترقی کرے گی۔ اس اقدام سے ہمیں نظر آ رہا ہے کہ کرکٹ پروموشن میں پی سی بی اور پی ٹی وی دونوں کا فائدہ ہو گا جبکہ میں کیبل نیٹ ورک سے توقع کرتا ہوں کہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق استوار ہوں تاکہ پروڈکشن بہتر ہو سکے کیونکہ جتنی اچھی سکرین نظر آئے گی لوگ سپورٹس سے اتنا ہی لطف اندوز بھی ہوں گے۔ 

مزید :

اہم خبریں -کھیل -