’تھائی لینڈ سے واپس آنے کے بعد سشانت سنگھ اور سارہ علی خان کے درمیان بات چیت بند ہوگئی‘ سشانت سنگھ کے ڈرائیور نے نیا انکشاف کردیا
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس کی تحقیقات میں آئے روز ایک نیا انکشاف سامنے آ رہا ہے۔ چند روز قبل سی بی آئی کی تفتیش میں معلوم ہوا تھا کہ سشانت سنگھ اور اداکارہ سارا علی خان بھی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار رہے ہیں تاہم سارا نے سشانت کی ایک فلم فلاپ ہونے کے بعد ان کے ساتھ تعلق ختم کر لیا تھا۔ اب سشانت سنگھ کے ڈرائیور دھیریندریادو نے بھی سشانت اور سارا کے درمیان دوستی کی تصدیق کر دی ہے اور سی بی آئی کو دیئے گئے اپنے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کے دورہ تھائی لینڈ تک وہ سارا کے ساتھ رابطے میں رہے تاہم واپسی کے بعد سے دونوں میں رابطہ ختم ہو گیا تھا۔
ویب سائٹ pinkvilla.com کے مطابق دھیریندر نے بتایا ہے کہ وہ اکتوبر 2018ءسے اپریل 2019ءتک سشانت کا ڈرائیور رہا۔ اس عرصے کے دوران سشانت سنگھ منشیات استعمال نہیں کرتا تھا اور وہ ایک انتہائی مصروف زندگی گزار رہا تھا۔ دھیریندر کا کہنا تھا کہ ”میرے علم کے مطابق سشانت اور سارا بہت اچھے دوست اور ایک دوسرے کے بہت قریب تھے۔ تاہم سارا کو میں نے سشانت کے گھر میں کبھی نہیں دیکھا۔ البتہ دونوں اکٹھے سفر بہت زیادہ کرتے رہے ہیں۔ وہ دونوں تھائی لینڈ بھی چھٹیاں منانے گئے تھے اور وہاں سے واپسی کے بعد دونوں کا باہم رابطہ ختم ہو گیا تھا۔ “
واضح رہے کہ سشانت کے قریبی دوست سیموئل ہاﺅکیپ نے انکشاف کیا تھا کہ سشانت اور سارا باہم تعلق میں تھے اور انہوں نے کافی وقت اکٹھے بھی گزارا مگر جب سشانت کی فلم سون چڑیافلاپ ہوئی تو سارا نے اس کے ساتھ تعلق ختم کر لیا تھا۔یہ فلم سشانت کے تھائی لینڈ سے واپس آنے کے 10دن بعد ریلیز ہوئی تھی۔