مالی کی ریٹائرمنٹ پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی جانب سے پروٹوکول کیساتھ الوداع کرنے کی ویڈیو وائرل
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) گزشتہ روز راجن پور کی عدالت کے مالی عبدالخالق کو ریٹائرمنٹ کے موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے پروٹوکول کے ساتھ الوداع کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق سیشن کورٹ راجن پور کے مالی عبدالخالق جنہیں عمر کے باعث احتراماً چاچا عبدالخالق کہا جاتا ہے گزشتہ روز ریٹائر ہو گئے ، ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ابراہیم اصغر نے نہ صرف اپنی گاڑی میں پروٹوکول کے ساتھ الوداع کیا بلکہ جب گاڑی کا دروازہ کھولنے کیلئے اہلکار آگے بڑھے تو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ہاتھ کے اشارے سے انہیں منع کر دیا اور خود آگے بڑھ کر گاڑی کا دروازہ کھولا ۔
“راجن پور میں سیشن جج ایک مالی کی ریٹائرمنٹ پر اسے الودع کہتے ہوئے” #AsReceived pic.twitter.com/7jKMwuoKkk
— Ansar Abbasi (@AnsarAAbbasi) September 16, 2021
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ابراہیم نے مالی چاچا عبدالخالق کے گاڑی میں بیٹھنے کے بعد خود انہیں سلیوٹ کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی جانب سے مالی کو دیے جانے والے پروٹوکول کی بھرپور تعریفیں کر رہے ہیں ۔