پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ، شازیہ مری بھی بول اٹھیں
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ یہ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے جس سے غربت اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا ، پیپلزپارٹی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتی ہے ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت انتہائی ظالم ہے ، انہیں غریبوں کا کوئی خیال نہیں ، یہ غریب کش فیصلے کرتے ہیں ،گزشتہ تین سالوں میں جو مہنگائی ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی ، ہزاروں سرکاری ملازمین کو گھر بھیج دیا گیا ۔
ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں پریس گیلری کی بندش پر شازیہ مری نے کہا کہ سپیکر نے پریس گیلری بند کر کے بہت بڑا ظلم کیا ، گزشتہ سیشن میں صحافیوں سے رویے کی سخت مذمت کرتے ہیں ، میڈیا پر قدغن لگائی جا رہی ہے ، کہا گیا کہ پی آر اے کے کہنے پر گیلری بند کی گئی جبکہ پی آر اے کا کوئی بھی منتخب نمائندہ سپیکر سے نہیں ملا، وزیر اطلاعات کو پتہ ہی نہیں تھا کہ پریس گیلری بند ہے ۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ لیجنڈ اداکار عمر شریف انتہائی علیل ہیں ان کا نجی ہسپتال میں علاج جاری ہے ، عمر شریف نے متعدد بار وزیر اعظم سے اپیل کی مگر وزیر اعظم نے کان نہیں دھرے ، ان کی اپیل کا وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیا اور عیادت کیلئے اپنے نمائندے کو بھیجا، سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کیلئے چار کروڑ روپے جاری کئے ۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ وزرا کس حیثیت سے ادارے جلانے کی بات کرتے ہیں ، الیکشن کمیشن کی بے عزتی کی گئی ، ماضی میں بھی آر ٹی ایس اور میجک انک کے نام پر دھوکہ کیا گیا ، پنجاب میں گورننس کے یہ حالات ہیں کہ اب تک سات آئی جیز اور پانچ چیف سیکرٹریز تبدیل ہو چکے ہیں ۔