گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے  کا بل تیار، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سیٹوں سمیت دیگر مجوزہ ترامیم سامنے آگئیں

 گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے  کا بل تیار، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ...
 گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے  کا بل تیار، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سیٹوں سمیت دیگر مجوزہ ترامیم سامنے آگئیں

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے متعلق آئین میں ترمیم کے لئے باضابطہ بل تیار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے متعلق مجوزہ ترمیمی بل کا عنوان26ویں آئینی ترمیم بل2021 ہوگا۔بل میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 51 ، 59، 106 ، 175A، 198، 218 ، 240 اور 242 میں ترامیم کی تجاویز شامل ہیں۔ اس میں آرٹیکل 258A اور 264A کے نام سے مزید 2 شقوں کا اضافے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔مجوزہ ترمیمی بل میں چیف کورٹ گلگت بلتستان کو ہائی کورٹ گلگت بلتستان کا نام دینے کی تجویز دی ہے، جب کہ سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کو ختم کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ گلگت بلتستان کے ججز کی تعداد 5 ہی رہے گی اس میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کو ختم کیا جائے گا تاہم اس کے ایک رکن کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ممبر بنایا جائے گا۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو ان کی مدت ختم ہونے تک الیکشن کمیشن آف پاکستان کا رکن برقرار رکھا جائے گا۔

 مجوزہ 26 ویں ترمیم میں گلگت بلتستان اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 33 ہی برقرار رکھنے کی تجویز دی ہے، جس میں سے 24 جنرل، 6 خواتین جبکہ 3 ٹیکنوکریٹس کی نشستیں ہوں گی۔ گلگت بلتستان کو قومی اسمبلی میں 4 نشستیں دینے کی تجویز دی ہے جس میں سے 3 جنرل نشستیں جب کہ خواتین کے لئے 1 نشست رکھنے کی تجویز دی ہے۔ گلگت بلتستان کو سینیٹ میں بھی 4 سیٹیں دینے کی تجویز پیش کی تھی جس میں 2 جنرل سیٹیں، ایک خواتین کی اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشست شامل ہے۔ مجوزہ ترمیم کے ذریعے آئین میں شق 258 A شامل کی جائے گی ، جس میں کہا جائے گا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنایا جاتا ہے، اس شق میں واضح کیا جائے گا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام جمہوری طریقہ کار کے ذریعے آزادانہ و شفاف استصواب رائے کے زریعے اپنا حق خودارادیت حاصل کرے گا۔

مزید :

قومی -