بجلی کے بلوں میں فیول ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے: سراج الحق 

Sep 16, 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا مہنگائی کا اعتراف، اعترافِ جرم ہے۔ سیاسی، معاشی، سماجی عدم استحکام سے ملک انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق وزیراعظم اور وزیرتوانائی کے بیانات میں واضح تضاد، قوم کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی نااہلی سے پاکستان مسائلستان بن گیا۔ وسائل سے مالامال 22کروڑ عوام کے ایٹمی پاکستان کی معاشی بدحالی کے ذمہ دار موجودہ اور سابقہ حکمران ہیں۔ جاگیردار، وڈیرے اور ظالم سرمایہ دار ملک کے وسائل پر سات دہائیوں سے قابض ہیں۔ عوام سانپوں کو دودھ پلانا بند کردیں، یہ اژدھے بن کر غریبوں کو ہی نگل لیں گے۔ آزمائی ہوئی جماعتوں سے بھلائی کی توقع نہیں، بہتری صرف اسلامی نظام سے ہی آئے گی۔ سیلاب،مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان نے عوام کا سانس لینا دشوار بنا دیا۔ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی سزا قوم بھگت رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بن شاہی اپردیراور ثمرباغ لوئردیر میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ سیلاب قوم کے لیے آزمائش اور چیلنج ہے، ہمیں اجتماعی توبہ اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، وزرا کے گوداموں سے سرکاری امداد برآمد ہو رہی ہے۔ پہلے متنبہ کر چکے ہیں کہ سرکاری امداد کی تقسیم میں کرپشن کا خطرہ ہے، حکمران باز نہ آئے تو عوام ان کے محلات کا گھیراؤ کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ لوگوں کے صبر کو مزید نہ آزمایا جائے، انھیں ان کا حق دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ دیگر علاقوں کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی سیلاب سے بڑی تباہی آئی ہے، لوگوں کی عمر بھر کی کمائی آناً فاناً پانی میں بہہ گئی۔ عمارات، انفراسٹرکچر اورگھر سیلاب کی نذر ہو گئے۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت متاثرین کو ریلیف پہنچانے میں بے بس اور ناکام نظر آ رہی ہے۔
سراج الحق

مزیدخبریں