دیوار منہدم، افسران کی آنکھیں بند،کسٹمز وئیر ہاؤس غیرمحفوظ
ملتان(نیوزرپورٹر)کسٹم کلکٹریٹ ملتان کے کلکٹر، اے سی ہیڈ کوارٹر اور دیگر افسران کی بے حسی کا شاخسانہ، ہیڈ کوارٹر کے ویئر ہاوس کی گذشتہ تین دنوں سے دیوار منہدم ہونے سے کسٹم ویئر ہاوس عملاً غیر محفوظ ہوکر رہ گیا ہے لیکن افسران نے بوجوہ چشم پوشی اختیار کرکے اربوں روپے مالیت کی گاڑیوں سے ویئر ہاوس سے ملحقہ گاڑیوں کی ورکشاپ کے عملہ کو کھل کھیلنے کا موقع فراہم(بقیہ نمبر36صفحہ6پر)
کررکھا ہے کسٹم ویئر ہاوس میں ضبط کی جانیوالی نان کسٹم پیڈ اور ٹمپرڈ سینکڑوں گاڑیاں جو پہلے کسٹم سٹاف کے رحم و کرم پر تھیں اب ویئر ہاوس کی دیوار منہدم ہونے سے ضبط شدہ گاڑیاں ملحقہ ورکشاپ کے کاریگروں کے حوالے کردی گئی ہیں ذرائع کے مطابق تین روز قبل کسٹم ہیڈ کوارٹر کے ویئر ہاوس کی قریب 15 میٹر دیوار کے منہدم ہونے سے کسٹم ویئر ہاوس مکمل طور پر غیر محفوظ ہوکر رہ گیا ہے اور پچھلے تین دنوں سے کسی بھی افسر نے اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے نہ ہی ملحقہ گاڑیوں کی ورکشاپ کو مد نظر رکھتے ہوئے سکیورٹی جیسے اقدامات اٹھانے کی زحمت گوارہ کی گئی ہے جو مال مفت دل بے رحم کے مصداق ہے کسٹم افسران کے اس غیر ذمہ دارانہ طرز عمل پر عوامی حلقوں کی جانب سے سخت تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے اور انہوں نے چیئرمین ایف بی آر اور کسٹم کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا سخت نوٹس لیا جائے اور منہدم دیوار کی فوری تعمیر سمیت غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے۔