ہاکی فیڈریشن کی نااہلی، کھلاڑی معاشی مشکلات سے دوچار

   ہاکی فیڈریشن کی نااہلی، کھلاڑی معاشی مشکلات سے دوچار

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نااہلی اور بے حسی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو شدید معاشی مشکلات میں مبتلا کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا، ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہوگئے۔پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کے یورپ ٹور، کامن ویلتھ گیمز کے ساتھ ساتھ دو کیمپس کے واجبات تاحال ادا نہیں کئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ ماہ سے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی بھی ادائیگی نہیں کی گئی، نو لاکھ روپے کے قریب فی کھلاڑی فیڈریشن کی طرف سے واجب الادا ہیں۔

سابق سیکرٹری اولمپیئن آصف باجوہ نے صرف ایشیا کپ کے واجبات کھلاڑیوں کو ادا کیے تھے، فیڈریشن حکام کھلاڑیوں کے واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔سابق نائب کپتان علی شان معاشی مشکلات کے باعث قومی ہاکی ٹیم سے الگ ہوچکے ہیں، فیڈریشن حکام کھلاڑیوں کو واجبات ادائیگی کے معاملے پر مناسب جواب دینے سے قاصر ہیں۔حکومتی گرانٹ پر نظر جمائے پاکستان ہاکی فیڈریشن حکام کو حکومت پہلے ہی تسلیم کرنے سے پہلے ہی انکار کرچکی ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -