انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کا 15 واں کانووکیشن 

  انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کا 15 واں کانووکیشن 

  

اسلام آبا(پ ر) انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی (IST)اسلام آباد کا15 واں کانووکیشن کلاس 2022  میں ایرو اسپیس، الیکٹریکل، مکینیکل، میٹریل سائنس اینڈانجینئرنگ اور اسپیس سائنس کے شعبوں میں 294 طلباء کی گریجوایشن کے موقع پر 15ستمبر 2022کو منعقد ہوا۔میجر جنرل عامر ندیم HI(M)، چیئرمین سپارکو نے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور طلباء میں متعلقہ شعبہ جات میں ڈاکٹریٹ، ماسٹرز اور بیچلوریٹ کی ڈگریاں تقسیم کیں۔ مہمان خصوصی نے اِس موقع پرایرو اسپیس انجینئرنگ کے ملک نعمان رؤف، ایویانکس انجینئرنگ کی زینب وحید، الیکٹریکل انجینئرنگ کی رباب، مکینیکل انجینئرنگ کے رحمت علی، میٹریل سائنس اینڈ انجینئرنگ کے عثمان احمد صدیقی اور ابتسام قمر اوراسپیس سائنس کی عروشہ الیاس کو اپنے اپنے پروگراموں میں اول آنے پرصدرِ پاکستان گولڈ میڈلز سے نوازاجبکہ وائس چانسلر میڈلزبرائے بہترین پراجیکٹس ایرو اسپیس سے ملک نعمان رؤف اور ریحام خان، ایویانک سے سمیع الرحمان اور امبر فاطمہ، الیکٹریکل سے اظفیر احمد اور محمد طلحہ عامر، مکینیکل سے مریم محمود اور حلیمہ مجیب، میٹریلز سائنس اینڈ انجینئرنگ سے ہمدان احمد اور ایشا غضنفر، سپیس سائنس ڈیپارٹمنٹس سے سمیر صغیر اور لائبہ راشدکو عطا کئے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے تمام گریجوایٹس بالخصوص ایوارڈ وِنرزاور پوزیشن ہولڈرز کوخصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے طلباء کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی اور زندگی بھرکام آنے والی مہارتوں کے فروغ پر فیکلٹی کی بھی تعریف کی۔ آپ نے فارغ التحصیل طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور علوم کو خلوصِ نیت کے ساتھ تعمیر ِ قوم کیلئے بروئے کار لائیں۔ مہمان خصوصی نے نشاندہی کی کہ اس دورِعلم میں مقابلہ کے میدان میں خوش فہمی کی کوئی گنجائش نہیں رہی۔ آپ نے طلباء پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور بہتر تبدیلی کیلئے جدوجہد کا آغاز کریں۔

 انہوں نے انہیں یہ بھی یاد دلایا کہ ہم اپنے پیارے ملک پاکستان کے بہت زیادہ مقروض ہیں اور مادرِ وطن نے ہمیں جو کچھ عطاکیا ہے اس کا بدلہ ہم ایمانداری اور پوری لگن کی صورت میں ادا کر سکتے ہیں۔ وائس چانسلر IST، میجر جنرل (ریٹائرڈ) ریحان عبدالباقی، HI (M) نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلباء کو نصیحت کی کہ اس دور میں مثبت ذہن سازی اور نرم مہارت سازی کو فروغ دینے کی حکمت عملی کامیابی کی کنجی ہے۔ بلاشبہ تکنیکی علم اور مہارت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا لیکن ورک پلیس کا حالیہ تناظر لیڈرشپ، کمونیکیشن اور ٹیم بلڈنگ جیسی مہارتوں کی جانب تبدیل ہو چکا ہے۔ اس لئے گریجوایٹس کیلئے ضروری ہے کہ وہ بطور انجینئر اپنے اہداف پر نظرثانی کریں اور اپنی تکنیکی صلاحیت اور نرم مہارت کو بروئے کار لا کر خود کفیل انسانی معاشرے کیلئے امکانات کی تخلیق کریں۔ وائس چانسلر نے اِس موقع پرIST کی ٹیم کی طرف سے تعلیمی فضیلت (Excellence)کے حصول کیلئے کی جانے والی کوششوں کوبھی سراہا۔قبل ازیں مورخہ 13 ستمبر 2022 کو IST میں منعقدہ ایک متاثر کن سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب کے دوران وائس چانسلر IST، میجر جنرل (ریٹائرڈ) ریحان عبدالباقی HI (M) نے طلباء کو ان کی غیرنصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں شاندارکارکردگی پر ٹرافیاں، میڈلز اور سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا۔ 

مزید :

کامرس -