دادو کے سیلاب سے تباہ دیہات میں کشتی سوار ڈاکوؤں کی لوٹ مار

        دادو کے سیلاب سے تباہ دیہات میں کشتی سوار ڈاکوؤں کی لوٹ مار

  

دادو، خیر پور(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل میہڑ میں سیلاب سے تباہ شدہ دیہات میں کشتی سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار شروع کر دی۔ نجی ٹی وی نیوز چینل کی ٹیم سیلا بی پانی میں ڈوبے ایک گاؤں میں بذریعہ کشتی پہنچی تو مظلوم متاثرین سیلاب نے بتایا ہم پہلے ہی لٹ چکے اب ہمیں ڈاکو بھی لوٹ رہے ہیں، ہم مجبور ہیں، پریشان ہیں، ہماری مدد کی جائے۔متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رات کے وقت کشتی چلانے پر پابندی لگائی جائے۔ تباہ حال متاثرین نے بتایا ابھی تک نہ تو علاقے کے منتخب نمائندے ان تک پہنچے اور نہ کسی اور تنظیم نے امداد پہنچائی، سب سے پہلے آپ ہمارے پاس پہنچنے ہیں جس پر ہم آپ کے مشکور ہیں۔ادھرکور کمانڈر کراچی کی ہدایت پر پاک فوج گونگی بہری خاتون کی مدد کیلئے ضلع خیر پور کے علاقے ٹھری میر واہ پہنچ گئی۔قوت سماعت و گویائی سے محروم سیلاب میں پھنسی بے بس خاتو ن اور اس کا گاؤں بھرپور امداد پر نہال ہوگیا۔ بے یار و مدد گار خاتو ن نے رو رو کر سوشل میڈیا پر مدد کیلئے دہائی دی تھی۔کور کمانڈر کراچی جنرل محمد سعید نے خاتون کی دہائی پر فوری مدد کا حکم دیا جس کے بعد پاک فوج کی ٹیم نے گاؤں پہنچ کر خاتون اور اس کے اہل خانہ کو فلڈ ریلیف کا سامان فراہم کیا۔خاتون کو 5 ٹنیٹ، 5 بیگ آٹا، راشن کے 5 تھیلے، 20 مچھر دانیا ں، کپڑے اور بستر فراہم کیے گئے۔ امدادی سامان ملنے پر خاتون کا چہرہ خوشی سے کِھل اٹھا، خاتون نے فوجی جوانوں کا شکریہ ادا کیا۔خاتون کے گاؤں کے 40 دیگر خاندانوں میں بھی خیمے، راشن، کپڑے، مچھر دانیاں و دیگر سامان تقسیم کیا گیا۔

دادو ڈاکو

مزید :

صفحہ اول -