دعا فاونڈیشن کی جانب سے خشک راشن اور پکے پکائے کھانے کی تقسیم 

دعا فاونڈیشن کی جانب سے خشک راشن اور پکے پکائے کھانے کی تقسیم 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ میں بارش اور سیلاب کے متاثرین میں کراچی کی سماجی تنظیم دعا فاونڈیشن کی جانب سے خشک راشن اور پکے پکائے کھانے تقسیم کیے گئے۔ ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈوباگو، تھرپارکر کی تحصیل کلوئی اور سجاول بائی پاس پر خیموں میں مقیم افراد تک یہ راشن پہنچایا گیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے دعافاونڈیشن کے چیئرمین عامر خان اور سیکرٹری فیاض عالم کا کہنا تھاکہ موجودہ سیلاب ملک کی تاریخ کا بدترین سیلاب ہے۔ صرف حکومتیں ہی اس آفت سے نہیں نمٹ سکتیں، معاشرے کے مختلف طبقات خصوصا مخیر حضرات کو آگے بڑھ کر اپنے ہم وطنوں کی پریشانیوں کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں ملک بھر میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ حکومت کے ساتھ ساتھ سماجی شعبہ بھی اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی امداد میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل پاکستان اور بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں نے کبھی مصیبت کی گھڑی میں قوم کو مایوس نہیں کیا۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کے حصہ لیا ہے۔ اس وقت پوری قوم  میں اپنے بھائیوں کی مدد کا جذبہ موجود ہے۔ اتنی بڑی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے حکومت  کے ساتھ زندگی کے ہر شعبے کو آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لیے جلد ہی بڑی تعداد میں واٹرپروف خیموں، مچھردانیوں اور دواوں کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ راشن اور غذائی اشیا ملنے پر متاثرین نے تشکر کے جذبات کا اظہار کیا۔ متاثرہ خاندانوں میں پکا ہوا کھانا، غذائی اشیا اور خشک راشن تقسیم کیا، جن میں بنیادی کھانے پینے کی اشیا، آٹا، چاول، چینی، تیل اور دالیں شامل تھے۔ اس موقع پر عامر خان اور فیاض عالم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک دعا فاونڈیشن کا ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -