وزیراعظم صاحب کراچی کو اب مزید لاشیں مت دینا: وسیم اختر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان کے رہنما وسیم اخترنے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف صاحب کراچی کو اب مزید لاشیں مت دینا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ شہباز شریف آپ کو اس لیے وزیرِ اعظم بنایا کہ کراچی کے لوگ لاشیں اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ اب اگر لاش رکھی اور لاپتہ کارکنان بازیاب نہیں ہوئے تو پھر اپنی حکومت خود سنبھالنا۔وسیم اخترنے کہا کہ چیف جسٹس اور باجوہ صاحب بتا دیں کہ کیا ہم اپنے دفاتر بند کر کے ہم کہاں جائیں؟ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کو اسی لیے سپورٹ کیا کہ ہمارے لاپتہ کارکنان واپس آجائیں گے، انہوں نے کہا مجھے نہیں پتہ یہ کارکنان کہاں ہیں، ان سے پوچھتا ہوں اب ان لوگوں کی لاشیں کہاں سے آ رہی ہیں؟انہوں نے کہا کہ بس کردو بس ہم تھک گئے ہیں، وزیرِ داخلہ نے کہا کہ وہ بہادرآباد آئیں گے، دیکھتے ہیں وہ کیا کرتے ہیں۔متحدہ کے رہنما نے کہا کہ کارکنوں کی تدفین کے بعد رابطہ کمیٹی اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عابد عباسی کا کوئی قصور تھا تو مقدمہ بناتے۔ مسنگ پرسن کے معاملے پر کوئی سیاسی جماعت مخلص نہیں ہے۔