بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)جنوبی مغربی چین میں واقع ایک شہداء کے قبرستان میں خواتین کے ایک گروپ کے رقص کرنے پر صارفین نے برہمی کا اظہار کر دیا۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق چین میں ’Damas‘ کے نام سے درمیانی عمر کی خواتین کا ایک گروپ پایا جاتا ہے جو چین کے مختلف عوامی مقامات پر اکٹھے رقص کرنا پسند کرتی ہیں۔یہ خواتین اپنے ساتھ میوزک سسٹم بھی رکھتی ہیں اور جہاں انہیں رقص کرنا ہوتا ہے وہاں سسٹم چلا دیتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 4 ستمبر کو بھی مذکورہ ”دماس“ کے ایک گروپ نے چین کے صوبہ یونان کے ایک خصوصی قبرستان میں رقص اور موسیقی کا آغاز کیا، جہاں چینی فوج کے شہدا ءدفن ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے خواتین کے رقص کے حوالے سے جگہ کا درست انتخاب نہ کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دماس نام کا خواتین کا گروپ شہداء کی قبروں کے سامنے رقص کر رہا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے قبرستان کی بے حرمتی قرار دیا۔