پی ایم ڈی سی کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سے کتنی آمدنی ہوگی ؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں
کراچی( خصوصی رپورٹ) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کو نسل (پی ایم ڈی سی) کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سے کتنی آمدنی ہوگی ؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں ۔
تفصیلات کے مطابق 22ستمبر کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے1 لاکھ 74ہزار 744درخواستوں سے 1 ارب 39کروڑ 79لاکھ 52ہزار روپے کی آمدنی ہوگی۔ پی ایم ڈی سی نے اس سال 5ہزار کے بجائے 8 ہزار فی درخواست فیس وصول کی ہے تاہم پی ایم ڈی سی نے جانچ پڑتال کے بعد 1 لاکھ 67ہزار 77 درخواستوں کو درست قرار دیتے ہوئے انھیں ٹیسٹ میں شرکت کیلئے قابل قبول قرار دیا ہے۔ سب سے زیادہ امیدوار پنجاب سے شریک ہوں گے پنجاب میں 58380امیدوار داخلہ ٹیسٹ میں شریک ہوں گے اور ٹیسٹ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے تحت ہوگا۔
"جنگ " کے مطابق آرمڈ فورسسز کے تحت چلنے والے میڈیکل و ڈینٹل کالجز پہلے ہی اپنا ٹیسٹ علیٰحدہ لے چکے ہیں جب کہ آغا خان میڈیکل کالج ملک کا واحد نجی میڈیکل کالج ہے جو 100نشستوں کیلئے اپنا ٹیسٹ الگ لیتا ہے اور اس کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے تاہم ملک بھر کے دیگر تمام نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی ہوتا ہے۔ صدر پی ایم ڈی سی ڈاکٹر رضوان تاج نے 22ستمبر کو منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان کی شفافیت کو یقینی بنانے کےلیے پہلے ہی 5نگراں مقرر کرچکے ہیں۔