عید میلادالنبی ﷺکل مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺکل بمطابق 12 ربیع الاول ( بروز منگل ) مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبی ﷺکے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے۔
آمد مصطفی ﷺ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔
عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺکے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔
آمد مصطفی کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکاء سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے، جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
علماءکرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپکی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے بلکہ آپ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور اخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب پولیس کی طرف سے جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔