سنی اتحاد کونسل سے اتحاد قائم ہے، بھاری اکثریت سے جیتیں گے، شجاعت

سنی اتحاد کونسل سے اتحاد قائم ہے، بھاری اکثریت سے جیتیں گے، شجاعت

فیصل آباد /لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم کے انتقال سے ملک ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ وہ فیصل آباد میں مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم کی وفات سے پیدا شدہ خلاءپورا نہیں کیا جا سکتا، آج نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت ان کے دینی و قومی مقام اور عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ کا اتحاد قائم ہے۔ ووٹروں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے پر پابندی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ پہلے وہ ٹرانسپورٹ کی وضاحت کریں کہ اس میں کون کون سی گاڑیاں آتی ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سائیکل ٹرانسپورٹ میں شامل نہیں اس لیے ہمارے کارکن سائیکل پر ووٹ ڈالنے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد والا منظر مجھے اچھا نظر نہیں آ رہا، جس طریقے سے معاملات چلیں گے سب کو اس کی فکر کرنا ہو گی اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل جل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ الیکشن میں سرپرائز دے گی اور انشاءاللہ قومی اور صوبائی سطح پر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ سکیورٹی واپس لینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے سکیورٹی واپس لینے یا نہ لینے سے کوئی فرق نہیں پڑا۔

شجاعت

مزید : صفحہ آخر