ڈیوس کپ فائنل سے قبل کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کا موقع دیا جائےگا
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری ممتاز یوسف نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ فائنل سے قبل عقیل خان سمیت دیگر ٹاپ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کےلئے بھیجوایا جائے گا ‘ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے فیڈریشن ہر ماہ دو قومی اور دیگر لوکل ایونٹس کا انعقاد کرتی ہے اسی طرح جونیئر کھلاڑیوں کا ہفتہ وار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام جاری ہے‘ ایشئن سکول فیڈریشن نے رواں سال سکول لیول کی انٹرنےشنل ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو دیدی ہے۔ بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عقیل خان نے تھائی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کے فائنل کی تیاری کے لئے مختلف فیوچر ایونٹس میں شرکت کے لئے رضا مندی ظاہر کی ہے انہوں نے کہا کہ دیگر ٹاپ کھلاڑی بھی اپنا پلان تیار کریں، فیڈریشن انہیں بین الاقوامی مقابلوں کے لئے بھیجوائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے ہر ماہ 2 قومی اور دیگر لوکل ایونٹس کاانعقاد کررہے ہیں، اسی طرح فیڈریشن نے ہفتہ وار جونیئر کھلاڑیوں کےلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کیا ہے جس میں کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دی جاتی ہے ۔ ممتاز یوسف نے کہا کہ ڈیوس کپ ٹائی کے فائنل کے لئے فیڈریشن کھلاڑیوں کو بھرپور تیار کرے گی اور وہ پرامید ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے گریڈ ون ٹائی تک رسائی حاصل کرےں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کےلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے، بہت جلد پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایشین سکول ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو انٹرنیشنل سکول ایونٹ کی میزبانی دے دی ہے جو کہ رواں سال پاکستان میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں جاپان اور کوریا سمیت دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد سے دوسری سینئر ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اعصام الحق اور عقیل خان کی ملک کے لئے قابل قدر خدمات ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔