قومی جوڈو ٹیم آج وطن واپس پہنچے گی

قومی جوڈو ٹیم آج وطن واپس پہنچے گی

اسلام آباد(اے پی پی) قومی جوڈوٹیم ساﺅتھ ایشین جوڈو چیمپین میں شرکت کے بعد (آج) جمعرات کو وطن واپس پہنچے گی۔ قومی ٹیم نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ چیمپین شپ میں 13کھلاڑی اور 2 آفیشلز شامل تھے، کھلاڑیوں میں 7مرد اور 6خواتین کھلاڑی شامل تھیں ‘مرد کھلاڑیوں میں سمیع اللہ، یاسر خان، جاوید خان، کرامت بٹ، افضل بشیر، شاہ حسین شاہ اور احمد شہزاد بٹ شامل تھے۔ اسی طرح خواتین کھلاڑیوں میں حمیرا عاشق، مریم جبار، شمائلہ گل، عنبرین مسیح، فوزیہ ممتاز اور بنش خان شامل تھیں ۔جبکہ افیشل میں مقصود جٹ ٹیم منیجر اور رشید احمد بطور کوچ ٹیم کے ہمراہ تھے ۔چیمپئن شپ میں پاکستان جوڈو ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان نے تین سونے ‘ تین چاندی اور 6 کانسی کے تمغے جیتے۔ اسی طرح ایونٹ میں بھارت نے پہلی ‘ پاکستان نے دوسری ‘ میزبان نیپال نے تیسری ‘ افغانستان نے چوتھی اور سری لنکا نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی