پاک بھارت خفیہ رابطے جون میں مختصر کرکٹ سیریز کی منصوبہ بندی شروع

پاک بھارت خفیہ رابطے جون میں مختصر کرکٹ سیریز کی منصوبہ بندی شروع

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشروط حمایت کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے خفیہ رابطوں کے نتیجے میں جون میں روایتی حریفوں کے درمیان مختصر سیریز کی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے ¾ بھارت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد آٹھ دن میں تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی میزبانی پاکستان کرےگا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ سیریز کے بارے میں ایک ہفتے میں پاکستان کو حتمی جواب دے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے دعویٰ کے مطابق اگلے آٹھ سال میں بورڈ کو فیوچر ٹور پروگرام سےنتیس ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔ اس آمدنی کا بڑا حصہ بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز سے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق دبئی میں نجم سیٹھی اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے صدر سری نواسن کے درمیان ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں پاکستان نے بھارتی بورڈ سے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بھارت جون میں پاکستان کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلے۔ سری نواسن نے اس بارے میں بھارتی بورڈ کے سیکریٹری کو ایک ہفتے کی ونڈو نکالنے کی ہدایت کی ذرائع کا کہنا ہے کہ وانکھیڈے اسٹیڈیم ممبئی میں انڈین پریمیئر لیگ کا فائنل یکم جون کو ہونا ہے۔ جولائی میں بھارتی ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ آئی پی ایل کے بعد بھارتی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا مختصر دورہ کرنا ہے۔ تاہم پاکستان کی سیریز کو قابل عمل بنانے کے لئے بھارتی کرکٹ بورڈ ،ویسٹ انڈیز کا دورہ ایک ہفتے کی تاخیر سے کر سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ابھی بھارتی کرکٹ بورڈ کے حتمی جواب کا انتظار ہے بھارت ہامی بھر لیتا ہے تو پاکستان اور بھارت کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں ہوں گے۔ 

مزید : کھیل اور کھلاڑی