پولیس کے خوف نے حوالات پہنچادیا

پولیس کے خوف نے حوالات پہنچادیا
پولیس کے خوف نے حوالات پہنچادیا

  

فلوریڈا (بیورو رپورٹ) ایک امریکی عورت نے ”چور کی داڑھی میں تنکا“ محاورہ سچ کردکھایا۔ 30 سالہ کرٹینا ہائنز ایک پٹرول پمپ پر رکی تو جاتے ہوئے 50 ڈالر کا نوٹ سٹور کے کاؤنٹر پر ہی چھوڑ گئی۔ کلرک یہ رقم واپس کرنے باہر آیا تو خاتون گاڑی میں بیٹھ کر نکل چکی تھی تاہم اسی وقت ایک پولیس والا اتفاقاً موقع پر پہنچ گیا۔ اسے معلوم ہوا تو اس نے خود خاتون کا پیچھا کرکے رقم واپس کرنے کی ذمہ داری لے لی۔ دلچسپ بات یہ ہوئی کہ جب پولیس والے نے خاتون کو روکنے کی کوشش کی تو اس نے رفتار بڑھالی۔ کافی دیر تعاقب کے بعد بالآخر وہ کرسٹینا کو روکنے میں کامیاب ہوگیا۔ تاہم اس نے کاغذات چیک کئے تو معلوم ہوا کہ لائسنس معطل ہوا ہوا ہے۔ اس پر کرٹینا صاحبہ نے گاڑی دوڑا دی۔ بالآخر مقامی پولیس کو سڑک پر کانٹے بچھا کر اسے روکنا پڑا۔ تلاشی لینے پر معلوم ہوا کہ خاتون کے پاس تو ہیروئن بھی موجود تھی۔ لہٰذا اب وہ منشیات رکھنے، معطل شدہ لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانے اور سرکاری افسر کے کام میں خلل ڈالنے کے جرم میں جیل کی ہوا کھارہی ہیں۔ یہ سب محض اس لئے کہ وہ سٹور پر پچاس ڈالر بھول گئی۔

مزید : جرم و انصاف