پولیو مہم کے دوران پسماندہ بستیوں کے بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے،اعجاز منیر

پولیو مہم کے دوران پسماندہ بستیوں کے بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے،اعجاز منیر

لاہور( جنرل رپورٹر) سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر اعجاز منیر نے ہدایت کی ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران غریب اور پسماندہ بستیوں کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے پر خصوصی توجہ دی جائے کمزور، لاغر اور کم غذائیت کا شکار بچے پولیو وائرس کا آسان نشانہ بنتے ہیں سیکرٹری صحت نے مزید کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف مہم جاری رہے گی انہوںنے یہ بات بابو صابو انٹرچینج کے نزدیک خانہ بدوشوں کی بستی میں انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں بچوں کو قطرے پلانے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز ، ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر ذوالفقار کے علاوہ ڈی او ایچ ڈاکٹر سعید اور دیگر افسران بھی موجود تھے سیکرٹری صحت نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور کچھ بچوں کے انگوٹھوں پر نشان دیکھ کر قطرے پلائے جانے کی تصدیق کی سیکرٹری صحت نے کہا کہ صوبے کے آٹھ حساس اضلاع میں پولیو کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے جس میں لاہور بھی شامل ہے تین روزہ مہم کے دوران تقریبا 16 لاکھ بچوں کو پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پولیو مہم کی بہت زیادہ تشہیر نہیں کی جا رہی تا ہم محکمہ صحت کی موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلا رہی ہیں اور خیبر پختونخوا سے آنے والے بچو ںکو قطرے پلانے کے لئے جی ٹی روڈ اٹک پل اور ریلوے سٹیشنوں پر بھی ٹیمیں مقرر کی گئی ہیںانہوںنے کہا کہ پنجاب میں تمام داخلی راستوں پر پولیو کے قطرے پلانے کے لئے چیک پوسٹیں قائم کی جا رہی ہیں تا کہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1