لاہورچیمبر ٹیکس مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریگا

لاہورچیمبر ٹیکس مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریگا

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور ایوان صنعت و تجارت کاروباری برادری کے ٹیکس سے متعلق تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی کوشش کرے گی۔ یہ بات لاہو ر ایوان صنعت و تجارت کے نائب صدر کاشف انورنے گزشتہ کراکری اور گلاس ویئر مرچنٹس گروپ کے سالانہ اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر لاہور کراکری اور گلاس ویئر مرچنٹس گروپ کے چیئرمین حاجی فرخ اقبال، صدر طارق حمید، سینئر نائب صدر محمد شوکت، نائب صدر عرفان رشید اور صدر شاہ عالم بورڈخواجہ محمد امین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ لاہور ایوان صنعت و تجارت کے نائب صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ ٹیکس وصولی کے پچیدہ اور مشکل نظام سے وہ واقف ہیں لہذا لاہور ایوان صنعت و تجارت ٹیکس وصولی اتھارٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایل سی سی آئی پہلے ہی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) کو ٹیکس وصولی نظام کو سادہ اور شفاف بنانے کے حوالے سے اپیل کر چکا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس نیٹ میں آ سکیں۔انہوں نے کہا ہے کہ لاہور ایوان صنعت و تجارت بیرون ملک سے آنے والے وفود جدید دور میں کاروبار کرنے کے جدید طریقے لے کر آتے ہیں

اور کاروباری برادری کو ایسے پروگرام میں بڑھ چڑہ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ وہ بھی کاروبار کرنے کے جدید طریقے سیکھ سکیں۔

 نائب صدر نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو دنیا میں ہونے والی جدید ایجادات پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ وہ بین الاقوامی حصہ داروں کے ساتھ آسانی سے کاروبار کو آگے بڑھا سکیں۔کاشف انور نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ لاہور کی انتظامیہ کو بہت جلدپارکنگ پلازہ کی تعمیر سمیت دوسرے تمام تحفظات سے آگاہ کر یں گے۔انہوں کراکری ایسوسی ایشن کو کہا ہے کہ وہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے حوالے سے مثبت تجاویز لے کر آئیں تاکہ ان کو متعلقہ انتظامیہ تک پہنچایا جا سکے۔انہوںنے کہا ہے کہ کاروباری برادری پاکستان کو ایشیاءکا ٹائیگر بننے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا ہے کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ حکومت اقتصادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے نبرد آزما ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بہت جلد توانائی کے بحران پر قابو پالے گی جس کے بعد کاروباری سرگرمیوں میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔ایل سی سی آئی کے نائب صدر نے وفد کو بتایا کہ لاہور ایوان صنعت و تجارت میں بین الاقوامی معیار کا ثالثی سنٹر قائم کردیا ہے جس سے کاروباری برادری کے آپس کے لین دین کے معاملات کو عدالتوں میں لے جانے کی بجائے مل بیٹھ کر حل کرنے کا موقع مل رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کاروباری برادی اور نجی شعبے کو چاہیے کہ اس ثالثی سنٹر سے بھر پور فائدہ اٹھائے۔انہوں نے کہا ہے کہ حال ہی میں لاہور ایوان صنعت و تجارت نے کاروباری برادری کے بیرون ملک شراکت دار سے رابطے کے لیے ویڈیو کانفرنس کا بھی بندوبست کر دیا ہے تاکہ پاکستان کی کاروباری برادری اپنے بیرونی شراکت دار سے رابطے کے فقدان کو کم کرنے کے ساتھ رابطے کو مضبوط کر سکیں۔قبل ازیں کراکری اینڈ گلاس ویئر مرچنٹس گروپ کے چیئرمین حاجی فرخ اقبال سیکٹر کو درپیش مسائل کو لاہور ایوان صنعت و تجارت کے نائب صدر کے علم میں لائے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر سے گاڑیوں کی پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید : کامرس