درسی کتب کی عدم دستیابی سے انرولمنٹ کے اہداف حاصل نہ ہو سکیں گے،حافظ عبدالناصر
لاہور( ایجوکیشن رپورٹر )درسی کتب کی عدم دستیابی کے باعث انرولمنٹ کے اہداف حاصل نہ ہو سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل۔یہ اپیل پنجاب گورنمنٹ سکولز سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کے مرکزی صدرحافظ عبدالناصر اور سیکرٹری جنرل ضراراحمد نے گذشتہ روز اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کی۔انہوں نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوئے 15یوم سے زائد کا عرصہ گذر چکا ہے مگر ناکافی درسی کتب دستیابی کی وجہ سے طلباءکی پڑہائی ادھوری ہے ۔ سرکاری سکولوں کو مفت کتابوں کی ترسیل اس قدر کم ہے کہ صرف آدھے طلبہ کو کتب دی جا سکی ہیں ۔جن طلبہ کو کتب نہیں مل سکیں ان کے والدین سکول سربراہان سے الجھتے ہیں۔مثلاََپہلی اور چھٹی جماعت کی کتب مکمل طور پر شارٹ ہیں۔لاہور جیسے ضلع میں بھی درسی کتب تعداد کے مطابق نہیں دی جا رہیں تو لاہور سے دوردراز اضلاع کے سکولوں میں کیا حالت ہو گی ۔جو کتب طلبہ کو مہیا کی گئی ہیں اس میں بھی پرنٹنگ کی بے شمار غلطیاں موجود ہیں۔بعض کتابوں میںبیشتر صفحات پر پرنٹنگ سرے سے موجود ہی نہیں۔اساتذہ انہیں فوٹو کاپی کرواکے صفحات کتب کے ساتھ رکھنے کو کہہ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ دنوںوزیر اعلیٰ پنجاب کو"سب اچھا"کی رپورٹ پیش کرنے والے تعلیم اور موجودہ حکومت سے مخلص نہیں۔انہوں نے سیکرٹری سکولزسے مطالبہ کیا کہ درسی کتب کی فراہمی کو فوری طورپر یقینی بنایا جائے تاکہ پڑھائی کابہتر آغاز کیا جا سکے ۔