پاکستان میں واٹر لیول ”ڈیڈ لیول“ تک پہنچ چکا ہے: عابد شیر علی

پاکستان میں واٹر لیول ”ڈیڈ لیول“ تک پہنچ چکا ہے: عابد شیر علی

ملتان(اے پی پی)وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ پاکستان میں پانی کالیول”ڈیڈ لیول“ تک پہنچ چکا ہے جوکہ ہمارے لیے ایک چشم کشا صورتحال ہے۔بدھ کے روز یہاں تاجروں وصنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں میں پانی سٹوریج کےلئے کوئی کام نہ ہونے کی وجہ سے ہماراملک پانی کی کم دستیابی کی طرف گامزن ہے اورخدشہ ہے کہ اگریہی صورتحال رہی تو آئندہ دس سال کے بعد ہمارے زیادہ علاقے ریگستان میں نہ تبدیل ہوجائیں۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے اس صورتحال کے تدارک کےلئے ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت داسو کے علاوہ دیامیر ،بھاشا ڈیم کےلئے 25ارب روپے کے فنڈز فوری جاری کردیئے گئے ہیں ان کی لینڈ ایکوزیشن کاکام مکمل ہوگیا ہے۔

 ان منصوبوں کومختلف مرحلوں میں مکمل کیاجائے گا لیکن ان کے واٹرسٹوریج موجودہ حکومت کے د ور میں ہی مکمل کرلیے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں حتی کہ ہمسایہ ملک انڈیا میں بھی تجارتی مراکز رات آٹھ بجے سے قبل بند ہوجاتے ہیں یہاں بھی ایسا ہی کرنے کےلئے وزیراعظم کوسمری بھیج دی ہے تین صوبے اس بات پر راضی ہیں جبکہ صوبہ سندھ کے وزیراعلی سے اس سلسلے میں بات چیت ہورہی ہے۔

مزید : کامرس