زرداری ، نواز ملاقات کا وقت سیاسی اعتبار سے اہم ہے:برطانوی میڈیا
لندن/اسلام آباد(اے این این)برطانوی میڈیانے وزیراعظم نوازشریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات کے وقت کو سیاسی اعتبار سے بہت اہم قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پرویز مشرف پر غداری کے مقدمے کے تناظر میں پیدا ہونے والے تنا ؤاور استحکام پاکستان آرڈیننس کے قومی اسمبلی میں منظور کیے جانے کے بعد حکومتی جماعت سیاسی تنہائی کا شکار ہوتی نظر آ رہی تھی۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے پر فوج کی بے چینی اور آرمی چیف کے بیانات اپنی جگہ، لیکن وزیراعظم نواز شریف کی کابینہ میں موجود اہم وزرا کے بیانات نے یہ تاثر دیا ہے کہ فوج اور حکومت کی اندرونی ناراضگی جمہوری حکومت کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔ ایک ماہ قبل نواز شریف تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے تھے۔ نواز شریف نے عمران خان سے یہ ملاقات ایک ایسے وقت کی تھی جب طالبان سے مذاکرات کے لیے انھیں سیاسی حمایت اور تعاون کی ضررورت تھی۔ آصف علی زرداری سے ملاقات کا وقت بھی سیاسی اعتبار سے بہت اہم ہے۔ پرویز مشرف پر غداری کے مقدمے کے تناظر میں پیدا ہونے والے تنا اور استحکام پاکستان آرڈیننس کے قومی اسمبلی میں منظور کیے جانے کے بعد حکومتی جماعت سیاسی تنہائی کا شکار ہوتی نظر آ رہی تھی۔ مزید براں ملک کی پارلیمان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ میں جہاں پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہے وہاں چند دن قبل ایک قرار داد منظور کی گئی تھی جس میں وزیر اعظم کو سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کرنے کا پابند کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔