وزیر دفاع کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون کاجائزہ لیا کوالالمپور،

وزیر دفاع کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون کاجائزہ لیا ...

 اسلام آباد (اے این این) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے ملائیشیا کے وزیر دفاع، چیف آف ڈیفنس اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور ان کے ساتھ مشترکہ تعاون کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار کوالالمپور میں ہونے والی ڈیفنس سروسز ایشیا2014نمائش اور کانفرنس میں شرکت کے لئے ملائیشیا کے دورہ پر ہیں جس میں 50 ممالک کی ایک ہزار کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ نمائش میں آسٹریلیا، آسٹریا، آذربائیجان، برازیل، بلغاریہ، چین، جمہوریہ چیک، فرانس، جرمنی، ہنگری، انڈونیشیا، اٹلی، ملائیشیا، ناروے، پولینڈ، برطانیہ، روس، سلاوکیہ، جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، ترکی، برطانیہ، امریکہ اور آسیان ممالک کے گروپ پویلین قائم کئے گئے ہیں۔ ڈیفنس سروسز ایشیا2014نمائش پارٹنر شپ کو فروغ دینے اور دفاعی سازوسامان کی تیاری اور پروکیورمنٹ کے شعبوں میں باہمی تعاون کا موقع فراہم کرے گی۔ دفاعی نمائش جس کا موضوع سیکورٹی اور علاقائی استحکام ہے، میں جدید ترین جنگی سازوسامان، ہیلتھ کیئر، پروڈکٹس اور ٹیکنالوجی ڈسپلے کی گئی ہے۔ تربیت و سائمولیشن سسٹمز، پولیس اور سیکورٹی آلات نمائش میں رکھے گئے ہیں۔ ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن، پاکستان آرڈننس فیکٹریز، ایڈوانسڈ انجینئرنگ ریسرچ رگنائزیشن، گلوبل انڈسٹریز اینڈ ڈیفنس سلوشنز، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا سمیت مختلف پاکستانی کمپنیوں نے بھی اپنے اسٹال قائم کئے ہیں۔ بڑی تعداد میں غیر ملکی وفود نے پاکستانی اسٹالز کا دورہ کیا اور پاکستان کے معیاری دفاعی آلات کی تعریف کی۔

مزید : علاقائی