نواززرداری ملاقات عسکری قوتوں کیلئے پیغام ہے ، لیاقت بلوچ

نواززرداری ملاقات عسکری قوتوں کیلئے پیغام ہے ، لیاقت بلوچ

لاہور(اے این این )سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی اپنی ٹیموں کے ساتھ ملاقات اہم اور معنی خیز ہے ۔ یہ ملاقات پاکستان کی عسکری قوتوں کے لیے پیغام بھی ہوسکتی ہے اور این آر او کا حصہ بھی ۔ سیاسی رابطے اور ملاقاتیں سیاست میں معیوب نہیں لیکن پی پی پی اور مسلم لیگ ن کے درمیان درپردہ رابطے کہیں نہ کہیں ظاہر ہو جاتے ہیں ۔ دونوں جماعتیں سٹیٹس کو برقرار رکھنے کی قائل ہیں ۔ انہی امور پر ان کا اتفاق مضبوط کرنا ہی وجہ ہوسکتی ہے ۔اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ جمہوری پارلیمانی نظام ہر قیمت پر قائم رہنا چاہیے ۔ فوج کو آئین سے بالاقدم اٹھانے کا حق نہیں ۔ جمہوری عمل کے تحفظ کے لیے تما م جمہوری قوتیں متحد ہیں ۔ جمہوریت کی کمزور ی اور بے وزن ہونے کی ذمہ دار جمہوریت کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والی جماعتیں خود ہیں ۔ ان کے دور اقتدار میں مراعات یافتہ طبقہ کو تحفظ دیا جاتا ہے اور غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران جمہوریت کے استحکام کے لیے آئین پر عملدرآمد ، عدلیہ کی آزادی اور فیصلوں کو تسلیم کریں ۔ کرپشن ختم کر کے قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کا اسلوب اختیار کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آئین ، جمہوریت کے تحفظ اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور امانت و دیانت کی بنیاد پر ریاستی نظام کی تشکیل کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

مزید : علاقائی