انجمن پٹواریاں کا مطالبات کی حتمی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ
لاہور اپنے نمائندے سے) انجمن پٹواریان پنجاب نے محکمہ مال کی جانب سے تسلیم کئے گئے مطالبات کا حتمی نوٹیفکیشن جاری ہونے تک پنجاب بھر میں ہڑتال جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا ہے ۔ گزشتہ روز محکمہ مال میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سربراہی میں انجمن پٹواریان کے نمائندوں سے ہونے والے خصوصی اجلاس میں بھی پٹواریوں نے محکمہ کو اپنے لا ئحہ عمل سے آگاہ کر دیا ۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کے پٹواریوں نے اپنے جائز مطالبات تسلیم نہ ہونے تک پنجاب میں زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹراز کرنے کے منصوبے کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا انجمن پٹواریان کے صدر عبدالمجید جٹ نے ’’ روزنامہ پاکستان ‘‘کو بتایا کہ مطالبات کو تسلیم کرنا خوش آئند ہے لیکن حکومت کی جانب سے حتمی نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جانا افسوس ناک ہے انہوں نے کہا 18تاریخ کو انجمن پٹواریان کے ہونے کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ اس حوالے سے محکمہ مال پنجاب کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ نے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے حتمی منظوری کے لئے حکومت کو سمری ارسال کر دی ہے جس کے بعد حکومت کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ان کا نوٹیفکیشن جاری ہو گا حکومت کو سخت فیصلے لینا پڑیں گے۔