انرولمنٹ مہم ، بہتر کارکردگی والے حلقے کے ایم پی اے کو وزیر بنائینگے،شہباز شریف

انرولمنٹ مہم ، بہتر کارکردگی والے حلقے کے ایم پی اے کو وزیر بنائینگے،شہباز ...

لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے انرولمنٹ مہم 2014 کی تقریب سے خطاب سے قبل مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور 2 بچوں اور 2 بچیوں کو مفت کتابیں دے کر ان کے نام سکول کے حاضری رجسٹر میںخود درج کئے۔ وزیراعلیٰ نے بیٹھ کر ان بچوں سے باتیں کیں ، اس موقع پر ان کے چہرے پر خوشی کے تاثرات نمایاں تھے۔ تقریب میں پنجاب کابینہ کے تمام وزراءنے خصوصی طور پر شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں چین کی شاندار ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی قوم ہم سے 2 برس چھوٹی ہے لیکن محنت، ریاضت اور جہد مسلسل پر عمل پیرا ہو کر آگے نکل گئی ہے۔ 1947 میں ہم جاگی ہوئی قوم تھے جبکہ 1949 میں چینی سوئی ہوئی قوم تھے۔ لیکن اب وہ جاگ رہے ہیں اور ہم سو رہے ہیں۔ جس وقت یورپ میں تعلیمی ادارے بن رہے تھے برصغیر میں اس وقت بیگمات کے محل تعمیر ہو رہے تھے۔ مظفرگڑھ میں ترکی کے تعاون سے بنائے گئے ہسپتال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ہسپتال دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے کہ ترک قوم نے کس قدر امانت اور دیانت سے اپنے وسائل استعمال کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام منتخب نمائندوں کو اپنے اپنے حلقوں میں انرولمنٹ مہم کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا پڑے گا۔ ایسے ارکان صوبائی اسمبلی جو یہ ہدف حاصل کریں گے ان کی زبردست پذیرائی کی جائے گی اور جس حلقے کا نتیجہ سب سے بہتر ہوگا وہاں کے ایم پی اے کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد پنجاب کابینہ میں رد و بدل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اساتذہ کی بھرتی اور ٹرانسفر پالیسی میں ارکان اسمبلی نے سیاسی اثر و رسوخ استعمال نہ کرکے پنجاب حکومت کی شفافیت اور میرٹ کی پالیسی کو کامیاب بنایا۔

مزید : صفحہ اول