برطانیہ اور کینیڈا کے اشتراک سے شیخوپورہ میں 13سو میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگایا جائے گا ۔نعیم خان

برطانیہ اور کینیڈا کے اشتراک سے شیخوپورہ میں 13سو میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگایا ...

                                       لاہور(نعیم مصطفےٰ سے) ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے برطانیہ اور کینیڈا کے اشتراک سے ضلع شیخوپورہ میں 1300میگاواٹ کا پاور پلانٹ نصب کیا جائے گا، 106ارب روپے کی لاگت سے بجلی پیدا کرنے کے اس منصوبے کی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے باقاعدہ منظوری دیدی ہے جبکہ اس حوالے سے برطانوی فرم ماس انٹرنیشنل اور وزارت پانی و بجلی حکومت پاکستان کے درمیان ایم او یو پر ماہ رواں میں ہی دستخط ہوں گے۔ برطانیہ اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی تاجروں پر مشتمل ایک وفد ایڈوانس پارٹی کے طور پر پاکستان پہنچ چکا ہے جبکہ غیر ملکی ماہرین کی خصوصی ٹیم دو روز میں پاکستان آ رہی ہے اس بارے میں تفصیلات پاکستان مسلم لیگ (ن) کینیڈا کے نائب صدر نعیم خان نے پاکستان کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں بتائیں۔وہ مسلم لیگ (ن) برطانیہ اور کینیڈا کے مشترکہ وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر آئے ہیں۔ وفد میں نعیم خان کے علاوہ مسلم لیگ برطانیہ کے نائب صدر میاں مسرور سعید، میڈیا سیکرٹری شاکر قریشی اور دیگر شامل ہیں۔ وفد نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ایوان وزیر اعظم اسلام آباد میں ملاقات کی اور توانائی منصوبے کے خدوخال کی تفصیلات طے کرنے کے ساتھ ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری بارے انہیں بریفنگ بھی دی۔نعیم خان نے بتایا کہ 1300 میگاواٹ کا یہ پاور پلانٹ عالمگیر شہرت کی حامل کمپنی سیمنز کا تیار کردہ ہے جس کی تنصیب 18سے 24کے دوران مکمل ہو جائے گی ۔ پہلے مرحلے میں یہ کول پر کام کرے گا تاہم جلد ہی اسے گیس پر بھی کنورٹ کیا جا سکے گا انہوں نے بتایا کہ ملک میں جاری توانائی کے بحران کے حوالے سے سمندر پار مقیم پاکستانی خاصے متشوش اور پریشان ہیں اسی بناءپر ہم نے کینیڈا اور برطانیہ میں اپنے روابط استعمال کر کے دونوں ممالک کی بڑی بڑی کمپنیوں سے بات چیت کی اور انہیں پاکستان میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری پر رضامند کیا برطانیہ کی ماس انٹرنیشنل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں مسرور سعید معروف پاکستانی تاجر ہیں جنہوں نے میرے ساتھ دن رات ایک کر کے پاکستان کو توانائی بحران سے نکالنے کے عزم کا اظہار کیا ہم نے اس حوالے سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے گفتگو کی جنہوں نے ہماری اس کاوش کو بے حد سراہا اور پاکستان آ کر تفصیلات طے کرنے کو کہا مسلم لیگ کینیڈا کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے میاں نواز شریف کو ملاقات کے دوران اس پاور پلانٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور منصوبہ لگانے کے لئے ضلع شیخوپورہ کی سائٹ کو حتمی شکل دی گئی وزیر اعظم نے کئی گھنٹے کی ملاقات میں سارے منصوبے کا بڑی باریک بینی سے جائزہ لیا اور کہا کہ انرجی سیکٹر میں اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری قابل ستائش ہے ہم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ اسے بجلی کے بحران سے نکالا جائے گا 1300میگاواٹ کا یہ منصوبہ ہمارے وعدے کی تکمیل کا پہلا مرحلہ ہے پنجاب کے بعد دوسرے صوبوں میں بھی اس طرح کے پاور پلانٹ لگانے کے منصوبے ترتیب دیئے جائیں گے۔اس پاور پروجیکٹ سے ملک میں جاری توانائی بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔نعیم خان کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ملاقات کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران سے بھی اس بارے میں تمام تفصیلات طے کر لی ہیں اور امید ہے کہ ایک دو روز میں برطانیہ اور کینیڈا کے ماہرین پانی و بجلی کی ٹیم پاکستان پہنچ جائے گی جس کے بعد اس منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی نے بھی اس منصوبے میں خاصی دلچسپی ظاہر کی ہے ہمیں محبت کے ساتھ اپنا سمجھتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو غیر ملکی ماہرین کی مکمل سکیورٹی اور ہر طرح کے پروٹوکول کی ہدایت بھی دی ہیں جبکہ منصوبے کے معاملات کو برق رفتاری کے ساتھ مکمل کرنے کو بھی کہا ہے ۔ اس منصوبے سے جہاں بجلی بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی وہاں ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار بھی فراہم ہو گااس حوالے سے ہماری ترجیح ہے کہ ضلع شیخوپورہ اور گرد و نواح کے افراد کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔مسلم لیگ کینیڈا کے رہنما کہا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی تمام خدمات اور توانائیاں پاکستان اور اہل پاکستان کے لئے وقف ہیں ۔ ہم دامے ،درمے اور سخنے ہر طرح اپنے پیارے وطن کے لئے حاضر ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی سیل بھی تشکیل دیا جائے جو ہمارے تمام معاملات کی نگرانی کرے گا ۔

پاور پلانٹ

مزید : صفحہ آخر