پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارتی تشویش مسترد،منصوبہ ہر حال میں مکمل کیا جائیگا:چین

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارتی تشویش مسترد،منصوبہ ہر حال میں مکمل ...
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارتی تشویش مسترد،منصوبہ ہر حال میں مکمل کیا جائیگا:چین

  

بیجنگ ( اے این این ) چین نے کاشغر تا گوادر اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارتی تشویش مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ منصوبہ ہر حال میں مکمل کیا جائے گا،اس سے خطے کی پسماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی۔تفصیلات کے مطابق چین کے زنجیانگ صوبے سے پاکستان کے ساحلی شہر گوادر تک اکنامک کوریڈور پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے کئی علاقوں سے گذرے گا۔اس منصوبے کے تحت دونوں ملکوں کو ایک بڑی شاہراہ اور ریلوے لائن کے ذریعے براہ راست جوڑ دیا جائے گا جبکہ تیل اور گیس کی ترسیل کے لئے پائپ لائن بھی بچھادی جائے گی اور اس پر مجموعی طور اربوں امریکی ڈالر خرچ ہونگے۔ تاہم نئی دلی نے چین کے سامنے اس معاملے پر ایک بار پھر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بھارت اور چین کے مابین خارجہ سیکریٹریوں کے درمیان مختلف موضوعات کو لیکرہونے والے سٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران بھارتی خارجہ سیکریٹری سجاتا سنگھ نے اپنے چینی ہم منصب نائب وزیر خارجہ لیو زین من کے ساتھ بھی یہ مسئلہ اٹھایا۔ مذاکرات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب بھارتی سیکرٹری خارجہ سجاتا سنگھ سے یہ پوچھا گیا کہ کیا یہ مسئلہ زیر بحث آیا؟تو انہوں نے کہاہم نے صرف اِس وقت ہی اس مسئلے پر اپنی تشویش ظاہر نہیں کی ہے بلکہ ماضی میں بھی ایسا کیا جاتا رہا ہے، انہوں نے ہمارے خدشات نوٹ کرلئے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بات چیت میں سرحدوں سے جڑے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو لیکر دونوں ملکوں کے خصوصی نمائندوں کے درمیان اب تک مذاکرات کے17ادوار ہوچکے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اور چین کے مذاکرات کے دوران چین نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے متعلق بھارت کی تشویش مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ یہ منصوبہ ہر حال میں مکمل کیا جائے گا۔اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے خطے کی پسماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ بھارت سمیت خطے کے دیگر ممالک کے بھی مفاد میں ہے۔

مزید : بزنس