پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش ‘ موسم خوشگوار ہو گیا
راولپنڈی ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ، لاہور(آئی این پی)راولپنڈی ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ، لاہورسمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں میں بارش ،ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا،محکمہ موسمیات کے مطابق آیندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد ، راولپنڈی ، وسطی پنجاب اور بالائی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا جبکہ کراچی سمیت زیریں سندھ میں درجہ حرارت بڑھنے لگا۔بدھ کو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں خوشگوار ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔راولپنڈی ، فیصل آباد ، ملتان ، گوجرانوالہ میں موسم ابر آلودرہا۔ساہیوال ، قصور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش ہوئی۔کراچی سمیت زیریں سندھ میں درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا تاہم سکھر اور لاڑکانہ ڈویڑن ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثررہے۔خیبر پختونخوا میں چترال ، دیر ، کالام ، دروش اور بنوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے ان علاقوں کا درجہ حرارت کم ہو گیا۔کوئٹہ میں موسم بہار کاآغاز ہو گیا جس سے سردی کی شدت میں خاطر خواہ کمی ہوئی ۔ژوب اور لسبیلہ میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔