یورو بانڈز کی کامیابی عالمی برادری کاپاکستان کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے: گورنر پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب چو دھر ی محمد سرو ر نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں یوروبانڈز کی کامیابی عالمی برادری کی پاکستان کی موجودہ قیادت اور ان کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے جس سے ملک میں اقتصادی اور کاروبارکی سرگرمیوں کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ کمپنیاں اور تجارتی گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں جنہیں ہر قسم کا تحفظ اور سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمن کی معروف کمپنی سیمنز کے 6رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اکمل حمید کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیف ایگزیکٹیو (سیمنز) Kay Zwingenbergerاور سیمنز پاکستان کے مینجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او Guenter Zwrickiموجود تھے کے علاوہ خرم
جمیل اورعمران رضا شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف جب بھی برسر اقتدار میں آئے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملا اور ان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان کے غیر ملکی زر مبادلہ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں استحکام اور قومی پیداوار میں اضافہ انہی بہترین اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب چو دھر ی محمد سرور نے گورنر ہاؤس لاہور میں مسیحی برادری کے ایسٹر دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا حسین گلدستہ ہے اور اس کا ہر فرد رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر ملک کی تعمیر و ترقی میں عملی کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری نے پاکستان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا اور اب اس کی تعمیر و ترقی میں بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری ایک اشاریہ سات فیصد آبادی کے ساتھ سب سے بڑی اقلیت ہے جنہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج گورنر ہاؤس لاہور میں ایسٹر کی تقریب منعقد کرکے انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے ہر ایک کے لئے کھلے ہیں کیونکہ اس سرزمین پر اقلیتوں کو بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کسی اور کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اسلام بھی ہمیں ہر ایک کی خوشیوں میں شامل ہونے کا درس دیتا ہے اور موجودہ حکومت بھی زندگی کے ہر شعبے میں اقلیتی برادری کو آگے بڑھنے کے مواقعے فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹہ ہو یا پارلیمنٹ میں نمائندگی کا حق ، اقلیتوں کو ہر جگہ پر مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اقلیتوں کے کوٹے پر عمل درآمد کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے محکمہ تعلمی سے بہت جلد رپورٹ طلب کریں گے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے مسیحی برادری کے ساتھ مل کر ایسٹر کے دن کے حوالے سے کیک کاٹا ۔ تقریب میں بشپ لاہور عرفان جمیل، پادری شاہد معراج ، الیگزینڈر جان ملک اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔