ویسٹ انڈیز پریزیڈنٹ الیون کے 5وکٹوں پر 311رنز ، عامر کی 2وکٹیں

ویسٹ انڈیز پریزیڈنٹ الیون کے 5وکٹوں پر 311رنز ، عامر کی 2وکٹیں

جمیکا(اے پی پی) ویسٹ انڈیز پریذیڈنٹ الیون نے پاکستان کے خلاف چار روزہ ٹور میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنا لئے۔ شمرون ہیٹمیئر اور کیرن پاؤل نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ وشال سنگھ 81 اور ریمن ریفر 36 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ محمد عامر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق جمیکا میں شروع ہونے والے چار روزہ ٹور میچ میں ویسٹ انڈیز پریذیڈنٹ الیون کے کپتان بروکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر کائل ہوپ کو محمد عامر نے 2 کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔ اس موقع پر کیرن پاؤل اور شمرون ہیٹمیئر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا سکور 148 تک پہنچا دیا۔ ہیٹمیئر نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے اور 97 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کا نشانہ بنے۔ کیرن پاؤل 58 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ بروکس زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 9 رنز بنا کر اصغر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ جاہمار ہیملٹن کو 26 کے انفرادی سکور پر محمد عامر نے کلین بولڈ کیا۔ پہلے دن کھیل کے اختتام پر میزبان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنا لئے۔ وشال سنگھ 81 اور ریمن ریفر 36 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ محمد عامر نے دو جبکہ محمد اصغر اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی