نیا ٹیلنٹ ہی پاکستان کو عالمی سطح پر میڈلز دلا سکتا ہے:محمد ظفر

نیا ٹیلنٹ ہی پاکستان کو عالمی سطح پر میڈلز دلا سکتا ہے:محمد ظفر

لاہور (سپورٹس رپورٹر)ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر نے کہا ہے کہ نیا ٹیلنٹ ہی پاکستان کو عالمی سطح پر میڈلز دلا سکتا ہے اسی لیے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے ایتھلیٹکس کے گوہر نایاب تلاش کر نے کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ سکیم پر عملدرآمدشروع کردیاہے۔گزشتہ روز پنجاب سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ سکیم کے تحت پہلے مرحلے میں ملک کے آٹھ شہروں میں اوپن ٹرائلز کے ذریعے نوجوان ایتھلیٹس کو منتخب کیا گیا ہے، اس سکیم کے تحت ملک بھر میں اوپن ٹرائلز کے ذریعے مزید نوجوان ایتھلیٹس کو منتخب کر کے اسلام آباد میں کیمپ لگا کر انہیں کوالیفائیڈکوچز کی زیرنگرانی گروم کیا جائے گا جبکہ بہترین ایتھلیٹس کو مختلف محکموں میں نوکریاں بھی دلوائی جائیں گیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بناکر ہی ملک میں کھیلوں کے معیار میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکول و کالج کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے جس کو کیمپس لگا کر عالمی میعار کی سہولیات فراہم کر کے گروم کیا جائے تو ینگ ٹیلنٹ عالمی سطح پر ہونے والے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کر سکتا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی