بجلی کے منصوبے برق رفتاری سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں،پرویز ملک

بجلی کے منصوبے برق رفتاری سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں،پرویز ملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں بجلی کے منصوبے نہایت شفاف طریقے اور برق رفتاری سے اپنی تکمیل کی جانب گامزن ہیں اورملک کی 70 سالہ تاریخ میں اتنی تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کی کوئی مثال موجود نہیں،رواں سال کے آخر تک بجلی کے متعدد منصوبوں کی تکمیل سے 7ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائیگی‘ اندھیرے اجالوں میں بدلیں گے،لاکھوں لوگوں کو روزگار ملے گا۔ گیس کی بنیاد پر لگنے والے منصوبوں میں غریب قوم کے 112ارب روپے بچائے گئے ہیں، دوسری طرف ملک میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والے ہیں جنہوں نے قوم کو اندھیروں میں دھکیلا۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں علم کی کرنیں ملک کے کونے کونے میں بکھیرنے کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔ وہ گذشتہ روزلاہور پارٹی دفر میں رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پر ارکان اسمبلی رمضان صدیق بھٹی، چوہدری شہباز،لاہور کے ڈپٹی میئر نذیر سواتی خان،عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،ڈسٹرکٹ ممبر سمیر اامجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت خدمت خلق کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،محروم طبقات کے میعار زندگی کو بلند کرنے کے لئے ہر ضرور ی اقدامات کئے گئے ہیں اور مزید کئے جا رہے ہیں،دہشتگردوں کے پاکستان کے خلاف مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے،حکومت اور سیکیورٹی ادارے سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں،عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں جو بھی اس میں خیانت کریگا وہ سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔