لبارڈکے زیراہتمام ڈونرز اور ممبران کے اعزاز میں سالانہ تقریب

لبارڈکے زیراہتمام ڈونرز اور ممبران کے اعزاز میں سالانہ تقریب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور،(جنرل رپورٹر)لاہو ربزنس میں ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ)کے زیراہتمام ڈونرز اور ممبران کے اعزاز میں سالانہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں لبارڈ کے صدر ایم این اے پرویز ملک ، لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، ایم این اے شائشتہ پرویز ملک ، لارڈ میئرلاہور کرنل (ر)مبشر جاوید ، سابق ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان ، میاں نصرت الدین، احمر ملک، احمد شفیق ، لبارڈ گورننگ باڈی کے اراکین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے فنڈ ریزنگ ڈنر میں شرکت کی۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط نے لبارڈ کے صدر ایم این اے پرویز ملک کو لاہور چیمبر کی جانب سے دو ملین روپے عطیے کا چیک بھی پیش کیا۔ پرویز ملک نے خصوصی افراد کی بحالی کے لیے لبارڈ کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ہزاروں خصوصی افراد کو تعلیم و تربیت دلواکر اپنا بوجھ خود اٹھانے کے قابل بنایا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی ملک کو درپیش بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہوتی ہے کہ 1996ء میں خصوصی افراد کی بحالی کے لیے قائم کردہ ایک چھوٹا سا سیل آج لبارڈ کی صورت میں ایک تن آور درخت کا روپ دھار چکا ہے جس کے لیے لبارڈ کے لیے خدمات سرانجام دینے والے تمام افراد تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے معذور افراد میں احساسِ کمتری ختم کرنے اور کامیاب زندگی گزارنے کا جوش و جذبہ بیدار کرنے کے سلسلے میں لبارڈ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کاوشوں کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ اس موقع پر لبارڈ کی کاوشوں کے متعلق دستاویزی فلم دکھائی گئی اور قرعہ اندازی کے ذریعے چار خوش نصیب افراد میں بیش قیمت تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔