کیبل تار بچھانے پر، ساندہ میدان جنگ ، فائرنگ سے 2ہلاک ، متعدد زخمی

کیبل تار بچھانے پر، ساندہ میدان جنگ ، فائرنگ سے 2ہلاک ، متعدد زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (اپنے کرا ئم ر پو رٹر سے)ساندہ کے علاقے میں کیبل کی تار ڈالنے کا تنازع 2زندگیاں نگل گئی ، پولیس انسپکٹر کے رشتہ دارکی 20کے قریب مسلح افراد کے ہمراہ فائرنگ 2افرادجاں بحق 5سے زائد شدید زخمی ،ملزمان کا ہسپتال میں بھی زخمیوں پر حملہ ، پولیس نے بروقت کاروائی کر کے ملزمان کو حوالاتوں میں بند کردیا ، پو لیس نے نعشیں مردہ خا نہ میں منتقل کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ندیم اکرم علاقہ میں انٹر نیٹ کیبل کا کاروبار کر تا تھا اور کیبل کی تار ڈال رہا تھا جسے علاقہ میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے افتخارشاہ عرف ککوشاہ جو کہ ایک پولیس انسپکٹر کا قریبی رشتہ دار ہے نے منع کیا جس پر تلخ کلامی ہو گئی ۔واقع کی اطلاع ملتے ہی ندیم اکرم کا والد محمد اکر م بھی مو قع پر پہنچ گیا جس پر ککو شاہ اور اسکے دیگر ساتھیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ندیم اکرم کا والد محمد اکر م اور محمد عمر موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان کی فائرنگ کے جواب میں مقتول محمد اکرم کے بیٹے سلیم اکرم نے بھی ملزمان پر فائرنگ کر دی ۔ کراس فائرنگ کے نتیجہ میں دونوں گروپوں کے 5سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں مقتول محمد اکرم کا بیٹا ندیم اکرم، محمد علی ، طاہر ،سعید ، سلمان اور دلدار شاہ وغیرہ شدید زخمی ہوگئے جن کو فوری طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ندیم اکرم سمیت 2افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔وقوعہ کے بعد میو ہسپتال میں افتخار شاہ عرف ککُو شاہ کے مسلح ساتھیوں نے زخمیوں کو قتل کر نیکی نیت سے حملہ کیا جہاں پولیس نے 7ملزمان کوگرفتار کر کے تھانہ گوالمنڈی ،سمن آباد ، لوئرمال اور گلشن راوی میں بند کر دیا ہے ۔ واقعے کی ایف آئی آر سب انسپکٹر یحییٰ بٹ کی مدعیت میں درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ ایف آئی آر میں دہشتگردی اور قتل کی دفعات سمیت دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔یاد رہے کہ ککُو شاہ گروپ علاقہ میں خوف کی علامت بنا ہوا ہے اور شہریوں کا ان کی موجود گی میں جینا دوبھر ہے جبکہ ککو شاہ گروپ نے فیس بک پر بھی اپنی آئی ڈی پر مسلح تصاویر آویزاں کر رکھی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد ایس ایچ او ساندہ کو افتخار شاہ عرف ککوشاہ کے قریبی رشتہ دار انسپکٹرکی جانب سے غیر جانبدارانہ تفتیش کرنے سے منع کیا گیا ہے جس وجہ سے کیس جانبدار ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

مزید :

علاقائی -