عالمی برادری بھارتی مظالم روکے ، تحریک آزادی ء کشمیر فوجی سے طاقت نہیں روکی جاسکتی : نواز شریف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں فوجی طاقت کا استعمال آزادی کی خواہش دبا نہیں سکتا، تحریک آزادئ کشمیر فوجی طاقت سے نہیں روکی جا سکتی۔ عالمی برادری مسئلے کا پرامن حل نکالے اور بھارتی مظالم روکے ۔وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیر کی جنت نظیر وادی کشمیریوں کی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کے جائز حق سے محروم رکھا گیا۔ مظالم کے ذریعے کشمیریوں کو ان کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، نام نہاد انتخابات میں شرکت نہ کرنے پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کیخلاف طاقت استعمال کی گئی۔ عالمی برادری کو بھارتی فوج کے مظالم رکوانا ہوں گے، ظلم کے دور میں بھی کشمیری عوام آزادی کے لئے پرامید ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے اقدامات کرے۔وزیراعظم میاں نواز شریف نے بھارتی فوجیوں کی کشمیری نوجوانوں پر ظلم و تشدد کی ویڈیو آنے کے بعد ردعمل میں کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں پر کئے جانیوالے بھارتی مظالم رکوائے،عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا پر امن حل یقینی بنائے ۔یادرہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ کشمیری نوجوانوں کو پاکستان مخالف نعرے لگانے کیلئے کہہ رہے ہیں اور ان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔دریں اثناء وزیراعظم نوازشریف نے ایسٹر کے موقع پرمسیحی برادری کے نام پیغام میں کہا کہ تمام اقلیتوں کو یقین دلاتا ہوں پاکستان ہم سب کا ہے۔ مسیحی برادری کو ایسٹر پرمبارکباد دیتے ہوئے انکا مزید کہناتھا کہ قومی اہداف کے حصول میں مسیحی برادری کا کردارقابل قدر ہے، مسیحی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ ہم مسیحی برادری کی قومی خدمات کی دل سے قدر کرتے ہیں، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہر پاکستانی کی قومی ذمہ داری ہے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کی حفاظت قانونی وآئینی تقاضا ہے اورپاکستان کی خوشحالی اور امن کیلئے اتحاد ضروری ہے۔
نواز شریف