الیکشن کا سال آیا تو دھرنے والوں کو بھی میٹر وبس یادآگئی ، شہباز شریف کی عمران خان کو مدد کی پیشکش

الیکشن کا سال آیا تو دھرنے والوں کو بھی میٹر وبس یادآگئی ، شہباز شریف کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے رائیونڈ ریلوے ٹریک فلائی اوورکے منصوبے کا افتتاح کیا،یہ منصوبہ ایک ارب روپے سے زائدکی لاگت سے 6ماہ میں مکمل کیا گیاہے ۔وزیراعلی محمد شہبازشریف کوسیکرٹری تعمیر ات ومواصلات نے رائیونڈ ریلوے ٹریک فلائی اوور کے منصوبے کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلی شہبازشریف نے فلائی اوور کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد ستمبر 2016ء میں رکھا گیا اور 16اپریل 2017ء کو 6ماہ کی قلیل مدت میں فلائی اوور کا افتتاح کیا گیاہے ۔فلائی اوور بننے سے رائیونڈ کے شہریوں کو بے پناہ سہولت میسر آئے گی اور انہیں ٹریفک کے مسائل سے نجات ملے گی۔وزیراعلی نے تقریب میں موجود شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ابھی وزیراعظم محمدنوازشریف کو مل کر آ رہاہوں، انہوں نے بھی آپ کے لئے سلام بھجوایا او رآپ کو مبارکباد دی ہے۔وزیراعلی نے کہاکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے ، پنجاب حکومت کے وکلاء اس ضمن میں کل بھی دلائل دیں گے، اس کیس کافیصلہ کیا آئے گا،یہ اللہ تعالی ہی جانتا ہے تاہم جب فیصلہ آئے گاہم اس فیصلے کی روشنی میں اقدامات کریں گے۔وزیراعلی نے کہاکہ پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کا جال بچھایا جارہاہے ،میں نے گزشتہ روز فیصل آباد میں40 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح کیاہے۔فیصل آباد میں میٹروبس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی اینڈ سکلز یونیورسٹی کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا ہے۔پنجاب میں ترقی اورخوشحالی کا نیا دور شروع ہوچکاہے جبکہ نیازی صاحب! جو لاہور میٹروبس کے منصوبے کو جنگلا بس کہتے تھے اور کہتے تھے کہ میں پشاو رمیں کھڑا ہو کر اس کی مخالفت کروں گا، آج یہ نیازی صاحب! پشاو رمیں میٹروبس کا منصوبہ بنانے کے لئے مجبور ہو گئے ہیں۔نیازی صاحب! آپ نے ملک و قوم کے چار برس ضائع کئے، آپ نے دھرنے دیئے،لا ک ڈاؤن کیا او راحتجاجی ریلیاں نکال کر اپنے صوبے کے عوام کو ترقی وخوشحالی سے محروم کیا ۔نیازی صاحب ! اب خیبر پختونخوا کے عوام نے آپ کو مجبور کیا ہے کہ میٹروبس کا منصوبہ پشاور میں شروع کیا جائے تو آپ کو میٹروبس منصوبے کا خیال آیاہے ،اگر آپ نے یہ منصوبہ چار سال قبل بنایا ہوتا تو آج خیبر پختونخواکے عظیم بہن، بھائی، مائیں، بیٹیاں، مزدور ، طالبعلم ،ڈاکٹر،محنت کش، ٹیچرز او ردیگر افرادعزت اوروقارکے ساتھ سفری سہولتوں سے فیض یاب ہو رہے ہوتے لیکن افسوس نیازی صاحب! آپ احتجاج کرتے رہے ، دھرنے دیتے رہے، لاک ڈاؤن کرتے رہے، معیشت کا دھڑن تختہ کرتے رہے اور جب الیکشن کا سال آیا تو آپ کو میٹروبس کے منصوبے کی یاد آئی ہے ۔ خیبرپختونخوا میں بسنے والے بہن بھائی بھی مجھے اتنے ہی عزیز ہیں، جتنے پنجاب میں بسنے والے شہری، لیکن نیاز ی صاحب کو پنجاب میں بسنے والے شہریوں کی ترقی و خوشحالی عزیز نہیں، اسی لئے انہوں نے میٹروبس کو جنگلا بس کہاجو عوام کی توہین ہے۔ہماری خواہش ہے کہ آپ پشاور میں میٹروبس کا منصوبہ الیکشن سے پہلے مکمل کرلیں او راس ضمن میں نیازی صاحب کو حکومت پنجاب کی جانب سے کوئی معاونت چاہیے تو ہم آپ کی خدمت میں ہر وقت حاضر ہیں تاکہ یہ منصوبہ فی ا لفور تعمیر ہواو رخیبر پختونخوا کے لوگ اس سے فائدہ اٹھائیں۔ نیازی صاحب! عوام کی سہولت کے منصوبوں کو جنگلا بس نہ کہیں۔پنجاب حکومت پشاور میٹروبس کے منصوبے کے لئے ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیارہیں ۔نیازی صاحب! آپ نے چار برس کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے لیکن اب ہم چاہتے ہیں کہ اس منصوبے پر وقت ضائع کئے بغیر دن رات کام کیا جائے اور اسے جلد مکمل کیا جائے تاکہ کے پی کے کے عوام میٹروبس جیسی بہترین سفری سہولتوں سے مستفید ہوں۔انہوں نے مزیدکہاکہ ایک ترین صاحب ہیں ،اس امیر ترین نے عدالت میں ایک اور درخواست دی ہے کہ شہبازشریف کو میرے قرضے معاف کرانے کی بات کرنے سے روکا جائے۔میں ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ آپ قوم کو دھوکہ دیتے ہیں۔سب سے زیادہ ٹیکس دینے کا دعوی کرنے والے امیر ترین شخص نے ماضی میں کروڑوں روپے کے قرضے معاف کرا ئے ہیں۔میں جانتا ہوں کہ آپ نے کروڑوں کے قرضے معاف کرائے ہیں اور دکھی قوم کا مال ہڑپ کیاہے او رمیںیہ بات کرتا رہوں گا۔آپ نے ایک طرف کروڑوں کے قرضے معاف کرائے اور دوسری طرف 2کروڑ روپے کا ٹیکس دینے پر گھمنڈ کرنا یہ زیب نہیں دیتا، یہ چوری اور سینہ زوری ہے ۔قوم چوری او رسینہ زوری برداشت نہیں کرے گی۔
شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے خیبرپختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان تیزی سے آگے بڑھ رہاہے اور 2013ء کی نسبت پاکستان زیادہ ترقی یافتہ ،خوشحال ،پرامن او رروشن ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی کے لئے سب کو ملکر کام کرناہے۔چاروں صوبے یکساں رفتار کے ساتھ ترقی کریں گے تو پاکستان ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ضد اور ذاتی انا کی منفی سیاست پاکستان کیلئے نقصان دہ ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چےئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی منصوبوں کی جلد سے جلد تکمیل ہماری ترجیح ہے۔پنجاب سمیت پاکستان بھر میں توانائی منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہاہے۔چار برس کے دوران بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیا گیا ہے اور توانائی کے کئی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی۔ پنجاب میں گیس کی بنیادپر 3600میگاواٹ کے منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے پانی او رپن بجلی کے وسائل کی ترقی کے بارے میں وزیراعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 2485 میگاواٹ کے پن بجلی منصوبے 2018ء کے وسط تک مکمل کر لئے جائیں گے اور اس مقصد کے لئے تین جہتی حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔
ملاقاتیں

مزید :

صفحہ اول -