صوبائی دارالحکومت، سوا سال کے دوران نوسربازی کا شکار ہوکر 105افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، 2700ہسپتال پہنچے

صوبائی دارالحکومت، سوا سال کے دوران نوسربازی کا شکار ہوکر 105افراد زندگی سے ...

لا ہور(رپورٹ: یو نس با ٹھ)صوبائی دارالحکومت کے17مقامات نوسر بازوں کی آماجگاہ بن گئے۔گزشتہ سواسال کے دوران نوسر بازی کا شکار ہو کر105سے زائد افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے،2700سے زائد مردوخواتین ہسپتال پہنچے جبکہ پردیسیوں سمیت مقامی رہائشی بھی کروڑوں روپے مالیت کی نقدی اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہوئے۔اس دوران پولیس نوسر بازوں کے کسی ایک گروہ کو بھی گرفتار نہ کر سکی ہے۔گزشتہ 16ما ہ کے دوران نوسر بازی کا آخری شکار گو جرا نوالہ کا زمیندار منیربنا جو خریداری کیلئے انار کلی بازار آیا اور 4لاکھ سے زائد مالیت کی نقدی اور موبائل سے محروم ہونے اور3دن ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔شہر میں200سے زائد نوسر باز گروہ سرگرم ہیں جن میں سے بیشتر نے خواتین کو بھی ساتھ ملا رکھا ہے جبکہ کئی نوسر باز گروہوں نے پیروں اور ملنگوں کے روپ بھی دھار رکھے ہیں۔پولیس اہلکاروں کے روپ میں نوسربازوں کے ہاتھوں ایک تھانیدار بھی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا جو کسی سرکاری کام کے سلسلہ میں لا ہور آیا اور سلام کرنے داتا دربار گیا جہاں نوسر بازوں نے اسے نشہ آور تبرک کھلا کر لوٹا اور وہ ہسپتال میں دم توڑ گیا۔انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق شہر کے17علاقے داتا دربار‘ پیر مکی دربار‘ لاری اڈا‘ بادامی باغ‘ ریلوے سٹیشن‘ ہنجر وال‘ بی بی پاک دامن‘لکشی چوک‘راوی روڈ‘ نیازی اڈا ،چوک یتیم خانہ اورگڑھی شاہو کے علاقے نوسر بازوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں ۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ100سے زائد گروہ پولیس اہلکاروں کی سر پرستی میں کام کر رہے ہیں۔داتا دربار‘ پیر مکی دربار‘ دربار بی بی پاک دامن کے علاقوں میں نشہ آور تبرک کھلا کر شہریوں کو لوٹنا معمول بن گیا ہے۔بادامی باغ‘ نیازی اڈا کے علاقوں میں نوسر باز گروہ مسافروں کا روپ دھار کر عام طور پر پردیسیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔کاروباری مراکز میں نوسر باز گروہ دکاندار بن کر گھر میں بیٹا ہونے کی خوشی میں مٹھائی بانٹ کر شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔شہر میں سرگرم اکثر نوسرباز گروہوں کے سرغنہ پولیس اہلکار بتائے گئے ہیں جو شہریوں کی طرف سے پکڑے جانے پر انہیں دبوچ لیتے ہیں اور تھانہ کے قریب لا کر چھوڑ دیتے ہیں۔اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر ڈی آئی جی آپریشن دا کٹر حید ر اشر ف نے بتایا کہ نوسربازوں کی گرفتاری کیلئے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی جاتی ہیں، نوسر بازی کے کیسز اُس وقت رپورٹ ہوتے ہیں جب نوسر باز واردات کے بعد فرار ہو چکے ہوتے ہیں تا ہم پولیس شہر میں سرگرم تمام نوسرباز گروہوں کی گرفتاری کیلئے سرگرم عمل ہے۔

مزید : صفحہ آخر