مفاد پرست ٹولہ پیپلز پارٹی پر قابض ہے،ناہید خان

مفاد پرست ٹولہ پیپلز پارٹی پر قابض ہے،ناہید خان

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنماء ناہید خان نے کہاہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد مفاد پرست ٹولہ پارٹی پر قابض ہوکر کارکنوں کا استحصال کررہاہے اور اس قابض ٹولے نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے نظریات کو پارٹی سے دور کر دیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جمہوری او ر ترقی پسند سیاست کو ختم کر کے سیاست کو محلات میں بند کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں پارٹی کا ووٹ بینک بری طرح مجروح ہوا ، آج پاکستان کے اندر کوئی قومی قیادت نہیں ہے اور جو قیادت موجود ہے وہ عوام کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تنزلی کی وجہ سے رجعت پسند قوتوں کو عروج ملا ہے ، آج پاکستانی سیاست کے اندر کرپشن سرائیت کر چکی ہے اور پانامہ سمیت دیگر کیسز اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ،ہم اپنے تمام نظریاتی ساتھیوں کو دعوت فکردیتے ہیں کہ وہ پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچنا نے والی قوتوں کے راستے کی دیوار بنیں اورآگے بڑھ کر شہید قیادت کی پیپلز پارٹی کا علم سنبھالیں ۔

مزید : علاقائی