چھٹی مردم شماری کا پہلا مرحلہ مکمل، دوسرامرحلہ 25 اپریل سے شروع ہوگا

چھٹی مردم شماری کا پہلا مرحلہ مکمل، دوسرامرحلہ 25 اپریل سے شروع ہوگا

اسلا م آباد(اے این این) ملک بھر کے 63 اضلاع میں چھٹی مردم شماری کا پہلا مرحلہ مکمل، دوسرا مرحلہ 25اپریل سے شروع ہوگاجو25 مئی تک جاری رہے گا،جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ،وزیرخزانہ اسحق ڈارنے کہاہے کہ ملک بھر میں ایک ساتھ مردم شماری کراتے تو دوگنا اخراجات آتے جبکہ چیف شماریات آصف باجوہ کا کہنا ہے دوسرے مرحلہ میں ملک کے 87اضلاع کی خانہ اور مردم شماری ہو گی۔اتوارکو یہا ں وزیر خزانہ اسحق ڈار اور چیف شماریارت آصف باجوہ نے ملک بھر میں جاری مردم شماری پر میڈیا کو بریفنگ دی۔ اسحق ڈار کا کہنا تھا مردم شماری کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے ، مردم شماری کو قابل اعتماد بنانے کیلئے فوج سے مدد لی ۔مردم شماری کادوسرا مرحلہ پچیس اپریل کو شروع ہو گا اور پچیس مئی تک مردم شماری مکمل کر لیں گے اور اس کے نتائج عام کئے جائیں گے ۔ مردم شماری شفاف ہو رہی ہے،شفافیت سے متعلق وزیر اعلی سندھ کے خط کا جواب دیدیا اور کہا ہے کہ حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کا کام ہے ۔ وزیر خزانہ نے فوج، سول اداروں اور شمار کنندگان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہامردم شماری قومی فریضہ ہے، اس میں کردار ادا کرنیوالے مبارک باد کے مستحق ہیں ۔ مردم شماری کے عمل میں تعاون پر تمام صوبائی اور مقامی حکومتوں کے شکر گزار ہیں،بین الاقوامی نمائندے اور تنظیمیں مردم شماری کے عمل سے مطمئن ہیں،ہر کام قانون کے مطابق ہو رہا ہے۔ مردم شماری کے دوران شہید ہونیوالے فوجی اور سول اہلکاروں کے لواحقین کی امداد کر دی گئی ہے۔اس موقع پرچیف شماریات آصف باجوہ نے بتایا دوسرے مرحلہ میں ملک کے 87اضلاع کی خانہ اور مردم شماری ہو گی ۔دوسرے مرحلے کیلئے سامان راولپنڈی اسلام آباد سمیت متعلقہ علاقوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔ مردم شماری کے عملہ کی بہت پذیرائی ہوئی، جہاں سے شکایات آئیں، ساتھ ساتھ نمٹا دیں۔ غیرملکی مبصرین کی 6ٹیمیں مردم شماری کے عمل کو آبزرو کر رہی ہیں، دوسرے مرحلے کے 87 اضلاع میں زیادہ تر دیہی علاقے شامل ہیں۔ واضح رہے پہلے مرحلے کے دوران پنجاب کے سولہ ،سندھ کے آٹھ، خیبرپختونخوا کے چودہ ، بلوچستان کے پندرہ، آزادکشمیر کے پانچ اورگلگت بلتستان کے پانچ اضلاع میں مردم شماری کی گئی۔ ملک بھرمیں ایک لاکھ اڑسٹھ ہزار ایک سو بیس مردم شماری بلاکس سے تفصیلات جمع کرنے کیلئے چوراسی ہزارشمارکنندگان مردم شماری کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔

مردم شماری

مزید : کراچی صفحہ اول