سابقہ حکمرانوں نے سرکاری اداروں کو تباہی سے دوچار کیا ‘ محمود خان

سابقہ حکمرانوں نے سرکاری اداروں کو تباہی سے دوچار کیا ‘ محمود خان

مٹہ (نمائندہ پاکستان) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، آثار قدیمہ ، امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین تحریک انصاف کی دن بدن مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور پی ٹی آئی کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈے پھیلارہے ہیں لیکن وہ یاد رکھیں کہ عوام اس بار بھی ان مسترد شدہ سیاستدانوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے عوام بیدار اور باشعور ہو چکے ہیں وہ اپنے برے اور اچھے میں تمیز کرنا جان گئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بالاٹور منداونہ مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ 40سال سے وابستہ اہم کارکنان جن میں فضل الرحمان ، شاہ رحمان ، محمد حیات خان ، پیر محمد خان ، شیر علی خان ، عبدالستار خان ، ارسلاخان ، محمد آمین ، رحمان گل اور دیدن گل نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور محمو خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔ اجتماع سے نائب ناظم مٹہ محمد حکیم خان ، ضلع کونسلر بہادر خان نے بھی خطاب کیا ۔ محمود خان نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ سابقہ ادوار میں حکمرانوں نے سرکاری اداروں کو تباہی سے دوچار کیا تھا ۔ تعلیم ، صحت اور عوام کے بنیادی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 70برسوں سے دو کمروں کا پرائمری سکول جس میں دو اساتذہ چھ کلاسوں کے طلباء کو پڑھاتے تھے جو غریبوں کے بچوں کے ساتھ ظلم تھا ، ہسپتالوں میں کوئی نظم و نسق نہیں تھا ، ڈاکٹر ز اور دیگر انتظامیہ پرائیویٹ کلینکس چلاتے تھے، ہم نے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پورا کرنے کے لئے چالیس ہزار اساتدہ بھرتی کئے اور مزید بھرتی کئے جا رہے ہیں ۔ 28ہزار سکولوں میں کمروں اور چاردیواری، واش رومز کی کمی کو پورا کردیا ہے اور ان کی تعمیر پر اربوں روپے خرچ کئے ہیں اور انشاء اﷲ 2018کے انتخابات سے قبل کوئی سکول اساتذہ اور فرنیچر کے بغیر نہیں رہے گا ۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑھ کر ہسپتالوں میں ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرامیڈیکس کی کمی کو پورا کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے مخالفین کچھ بھی کہے تحریک انصاف کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو مزید ان کرپٹ سیاستدانوں کوئی ضرورت نہیں ، انہوں نے ہمیشہ غریبوں سے دھوکہ اور فریب سے ووٹ حاصل کرکے اقتدار تک پہنچنے کے بعد انہیں بے یارو مدد گار چھوڑ دیا ۔ انہو ں نے سپاسنامے میں پیش کردہ مطالبات کے جواب میں کہا کہ بالاتور روڈ کی پختگی اور بجلی کے کھمبوں کی منظوری کا بھی اعلان کیا ۔انہو ں نے کہا کہ حلقہ پی کے 84مٹہ سوات سے پی پی پی ، اے این پی ، مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے اور یہ حلقہ پی ٹی آئی کا بنی گالہ بن چکا ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول