منڈی بہاؤالدین: حوا کی بیٹیوں پر تیزاب گردی ،رکشہ ڈرائیور بھی زدمیںآگیا

منڈی بہاؤالدین: حوا کی بیٹیوں پر تیزاب گردی ،رکشہ ڈرائیور بھی زدمیںآگیا

منڈی بہاؤالدین(نمائندہ پاکستان)نامعلوم موٹر سائیکل سوار اوباش لڑکوں نے رکشہ میں سوار دو بہنوں پر تیزاب پھینک دیا ،رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ،لڑکیوں اور زخمی رکشہ ڈرائیور کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ڈی پی او منڈی عمر سلامت پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے ملزمان کی گرفتار ی کی یقین دہانی کرائی جبکہ ایس ایچ او سٹی الطاف حسین وڑائچ کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق طور نامی مقامی گارمنٹس کی ملازم دو یتیم بہنیں ثناء اور انم جو والد کی وفات کے بعد گھر کا سہارا ہیں ڈیوٹی کے بعد شام کو رکشہ میں سوار ہو کر گھر جار ہی تھیں کہ محلہ پانچ وارڈ میزان چوک پر دو نقاب پوش موٹر سائیکل سوار اوباش لڑکوں نے ان دونوں بہنوں پر تیزاب پھینک دیا اوراندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے تیزاب پھینکنے سے رکشہ ڈرائیور خواجہ فرخ بھی زخمی ہو گیا اور لڑکیو ں کے چہرے کمر اور جسم کے کئی حصے جھلس گئے جنہوں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او منڈی عمر سلامت بھاری نفری کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے جہاں لڑکیوں کی تیمارداری کے بعد ایس ایچ او تھانہ سٹی کو حکم دیا کہ تیزاب گردی کرنیوالے دونوں اوباش لڑکوں کو کو گرفتار کر لیا گیا ،ڈی پی او منڈی عمر سلامت نے تھوڑی دیر بعد ہی صحافیوں کو بتایا ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے صحافیوں نے ایس ایچ او تھانہ سٹی الطاف حسین وڑائچ سے جب صبح رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان ملزمان کو انم اور ثناء کی والدہ نے شک کی بناء پر نامزد کیا ہے تاحال ہم تفتیش کر رہے ہیں۔

تیزاب گردی

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر