بلاول بھٹو کا وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کا جائزہ

بلاول بھٹو کا وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کا جائزہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ اتوار کو کراچی شہر میں جاری مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کے معائنہ کے لئے دورہ کیا خاص طور پر شاہراہ فیصل ، طارق روڈ ، بلوچ کالونی، ڈرگ روڈ۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے زیرتعمیر منصوبوں سے متعلق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بریف کیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلوچ کالونی پل پر جاری کام کا معائنہ کیا اور انہوں نے بلوچ کالونی کا نیا زیر تعمیر انڈر پاس کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر جام خان شورو نے وزیراعلیٰ سندھ کو تفصیلی آگاہی دی اوروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سے پروجیکٹ ڈائریکٹر کراچی نیاز سومرو اور انجنیئر اخلاق کا تعارف بھی کروایا۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے بہترین کام کرنے پر انہیں مبارکباد دی اور ساتھ ہی محکمہ بلدیات کے وزیر جام خان شورو کے کام کو بھی سراہا۔بعد میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کے ہمراہ ڈرگ روڈ انڈر پاس کے جاری کام کا بھی معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبے پر جام خان شورو نے آ گاہی دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے طارق روڈ پر جاری ترقیاتی کام کے مکمل ہونے کے بعد وہاں پر عوام اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سب لوگوں کا شکر گزار ہوں اور انہیں مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے طارق روڈ پر جاری ری کنسٹریکشن ورک کو مقررہ وقت میں مکمل کیا ہے اور ادھر کے دکانداروں نے بھی کافی ساتھ دیا ہے اس روڈ کو پھیلانے میں مدد اور تعاون کیا اور انشاء اللہ تعالیٰ اگر اسی طرح کام ہوتے رہے تو حکومت کا نام بھی بنے گا۔اس موقع پر ایک صحافی کے سوال کے جواب میں طارق روڈ کے صدر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے الحمداللہ ان30سالوں میں آج تک ایسا کام نہیں دیکھا جو اس وقت طارق روڈ پر ہوا ہے اور میں اس جگہ پر موجود رہا ہوں رات کو 2بجے تک بھی میں نے ادھر کام ہوتے ہوئے دیکھا ہے اگر آپ میری زبان پر یقین کریں تو میرے گواہ بھی موجود ہیں الحمداللہ اس طرح کے کام ہوتے رہے تو میں شاباشی دیتا ہوں اس وقت بلاول بھٹو زرداری صاحب کو اور ہمارے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ صاحب کو حقیقت ہے میری دسیوں ملاقاتیں وزیراعلیٰ سندھ سے ہوئی ہونگی پر اس وقت جو کام کراچی میں چل رہا ہے میں گارنٹی دیتا ہوں اگر ایسا کام 6مہینے یا سال بھر چلا تو خدا کی قسم کراچی جو ہے ایسا ہو جائیگا جو 50سالوں میں نہیں ہوا ہوگا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر