آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کے 15رکنی سکواڈ کا اعلان ہو گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)ویسٹ انڈیز کےخلاف چار ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی کارکردگی کامران اکمل کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم میں جگہ نہیں دلاسکے گی۔سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ اظہر علی کو انگلش کنڈیشنز میں اوپنر کی حیثیت سے احمد شہزاد کے ساتھ موقع دینے پر متفق ہوگئے ۔کامران اکمل کے چھوٹے بھائی عمر اکمل کو یکم جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاور ہٹر کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ عمر اکمل کو خراب فٹنس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز جانے والی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی ٹیم سے اوپنر کامران اکمل ، بیٹسمین آصف ذاکر اور لیفٹ آرم اسپنر محمد اصغر کو ڈراپ کردیا جائے گا۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان کے پندرہ ممکنہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی، عماد وسیم، جنید خان، محمد عامر، وہاب ریاض، جنید خان، محمد حفیظ ، اور شاداب خان شامل ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پندرہ رکنی ٹیم کی فہرست آئی سی سی کو بھیج دی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر اس ٹیم میں تبدیلی 24مئی تک کی جاسکتی ہے۔24مئی سے ٹیمیں انگلینڈ پہنچنا شروع ہوجائیں گی جہاں وہ وارم اپ میچ کھیلیں گی۔