کلبھوشن کو بچایا جائے:بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت
نئی دہلی (ویب ڈیسک) پاکستان کی طرف سے گرفتار بھارتی جاسوس افسر کلبھوشن یادیو کو سزا سنائے جانے کے بعد بھارت میں افراتفری کا عالم جاری ہے۔ گزشتہ روز بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ کل بھوشن یادیو کو بچانے کیلئے کردارادا کریں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 30منٹ جاری رہنے والی ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی مجموعی سکیورٹی سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل بپن نے مقبوضہ کشمیر کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ اجیت ڈوول نے بھارتی فوج کے کردار کو سراہا۔
دریں اثنا ترجمان بھارتی وزارت خارجہ گوپال بگلے نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان سے کلبھوشن کو سنائی جانے والی سزائے موت کے فیصلے اور چارج شیٹ کی تصدیق شدہ نقل مانگی ہے تاہم اسلام آباد نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔