نان فائلرز کے اکاؤنٹ پر پابندی،روپیہ مستحکم ہوگا،وفاقی چیمبر

نان فائلرز کے اکاؤنٹ پر پابندی،روپیہ مستحکم ہوگا،وفاقی چیمبر

اسلام آباد (یو این پی)ایف پی سی سی آئی نے کہا ہے کہ پروٹیکشن آف اکنامک ریفارمز ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے نان فائلرز پر فارن کرنسی اکاؤنٹ رکھنے پر پابندی کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں،نان فائلرز اب کسی بھی ذریعے سے بین الاقوامی ٹرانزیکشنز نہیں کر سکیں گے جس سے فارن کرنسی اکاؤنٹس کا غیر قانونی استعمال بند ہو جائے گا۔ اس سے ملک سے ڈالر کے فرار اور کالے دھن کو سفید کرنے کے سلسلہ کی حوصلہ شکنی ہو گی جبکہ روپیہ مستحکم ہوجائے گا۔ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر کریم عزیز ملک اورچیئرمین کو آرڈینیشن ملک سہیل حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر خان اور چیئرمین ایف بی آرطارق محمود پاشا کاروباری برادری کو ہر ممکن ریلیف فراہم کر رہے ہیں ۔

جبکہ کاروباری برادری کے تحفظات دور کئے جا رہے ہیں اور اہم فیصلوں سے قبل ان کی رائے لی جا رہی ہے۔عرصہ دراز سے فارن کرنسی سے متعلق قوانین مبہم اور زمینی حقائق سے متصادم تھے جس سے کرپشن اور غیر قانونی سرگرمیوں کو ہوا ملی تھی مگر اب حکومت کی جانب سے قانون میں ترمیم سے سٹہ بازوں کی حوصلہ شکنی ہو گی، زرمبادلہ کے ذخائر پر بڑھتا ہوا دباؤ کم ہو جائے گا، جاری حسابات کے خسارے کا پھیلاؤ بھی کم ہو جائے گا۔

مزید : کامرس